ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ: 12 افراد کی موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-01-2022
 ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ:  12 افراد کی موت
ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ: 12 افراد کی موت

 

 

جموں : 2021 میں کورونا کی دوسری لہر کا سامنا کرنے کے بعد نئے سال کا آغاز ایک المناک حادثے سے ہوا ہے۔ جموں و کشمیر میں کل دیر رات ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ 14 لوگ زخمی ہوئے ہیں، جنہیں کٹرا کے نارائنا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 2:45 بجے ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق موقع پر کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس دوران لوگوں نے ایک دوسرے کو دھکا دیا اور پھر بھگدڑ مچ گئی۔

'سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں تھے'

ہلاک ہونے والوں کا تعلق دہلی، ہریانہ، پنجاب اور جموں و کشمیر سے ہے۔ ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔ ایک عقیدت مند نے بتایا کہ بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔

جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان

 حادثے کے بعد بھی سفر جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کے گورنر منوج سنہا نے بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

 پی ایم مودی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے ٹویٹ کیا، "ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ میں لوگوں کی موت سے انتہائی دکھی ہوں۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے حادثے کے حوالے سے گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، مرکزی وزیر نتیا نند رائے سے بات کی ہے اور وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو علاج معالجے کی فراہمی کا کام مسلسل جاری ہے۔

 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ اس المناک حادثے سے ان کا دل بہت دکھی ہے۔ میں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی ہے۔ انتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ میں ان لوگوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس حادثے میں اپنی جانیں گنوائیں۔