ریاسی:جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں واقع مشہور ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا مسلسل بارش کے باعث اگلے حکم تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے ہفتہ (13 ستمبر) کو ایکس پر اس کی اطلاع دی۔ یاترا 19 دن تک معطل رہنے کے بعد اتوار (14 ستمبر) سے دوبارہ شروع ہونے والی تھی، لیکن خراب موسم کی وجہ سے فی الحال روک دی گئی ہے۔
ماتا ویشنو دیوی جانے والے راستے پر 26 اگست کولینڈ سلائیڈ ہوا تھا، جس میں 34 عقیدت مند جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد فوراً یاترا ملتوی کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد بورڈ نے چند روز قبل یہ فیصلہ کیا تھا کہ یاترا 14 ستمبر سے شروع کی جائے گی، لیکن لگاتار بارش اور خراب موسم کے باعث مندر کے راستوں اور عمارت کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسے ایک بار پھر روک دیا گیا۔
شرائن بورڈ نے ایکس پر لکھا:جئے ماتا دی! بھون اور ٹریک پر لگاتار بارش کے باعث 14 ستمبر سے شروع ہونے والی شری ماتا ویشنو دیوی یاترا اگلے حکم تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ عقیدت مندوں سے گزارش ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے ایل جی اور پی آر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپ ڈیٹ لیتے رہیں۔
یہ خبر عقیدت مندوں کے لیے مایوس کن ہے، کیونکہ بہت سے لوگ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ویشنو دیوی کے درشن کی تیاری کر چکے تھے۔ کچھ عقیدت مند پہلے ہی یاترا کے ملتوی ہونے کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہیں۔
شرائن بورڈ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری اپ ڈیٹ پر اعتماد کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ بورڈ نے کہا کہ جیسے ہی موسم صاف ہوگا اور راستہ مکمل طور پر محفوظ قرار پائے گا، یاترا دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ شرائن بورڈ کے حکام نے مزید بتایا کہ راستے پر ضروری مرمت اور دیکھ بھال کا کام جاری ہے تاکہ عقیدت مندوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ماتا ویشنو دیوی یاترا موسم یا دیگر وجوہات کی بنا پر ملتوی ہوئی ہو۔ گزشتہ سال بھی شدید بارش اور برفباری کے سبب زائرین کو عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کی حفاظت سب سے اہم ہے، اس لیے یہ احتیاط لازمی ہے۔