نئی دہلی : مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات کے دوران زبردست ووٹنگ دیکھنے میں آئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق دوپہر 1 بجے تک مغربی بنگال میں 62.18 فیصد اور تمل ناڈو میں 56.81 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔
تمل ناڈو میں سب سے زیادہ ووٹنگ تروپور ضلع میں 62.97 فیصد رہی۔ اس کے بعد نمکّل میں 62.51 فیصد اور ایروڈ میں 61.97 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ چنئی میں 54.58 فیصد کوئمبتور میں 58.24 فیصد اور مدورائی میں 54.75 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ سب سے کم ووٹنگ نیلگیری میں 50.42 فیصد رہی۔
مغربی بنگال میں پشچم مدنی پور میں سب سے زیادہ 65.77 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس کے بعد جھارگرام میں 65.31 فیصد اور بنکورا میں 64.58 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ سب سے کم ووٹنگ مالدہ میں 58.45 فیصد رہی۔
تمل ناڈو کی 234 اسمبلی نشستوں اور مغربی بنگال کی 152 نشستوں پر سخت سکیورٹی کے درمیان آج صبح ووٹنگ شروع ہوئی۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ مغربی بنگال کی باقی نشستوں پر 29 مئی کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔
تمل ناڈو کی چیف الیکٹورل آفیسر ارچنا پٹنائک کے مطابق ریاست میں 5.73 کروڑ سے زائد ووٹرز ہیں۔ ان میں 2,93,04,905 خواتین 2,80,30,658 مرد اور 7,728 خواجہ سرا ووٹرز شامل ہیں۔ پہلی بار ووٹ دینے والوں کی تعداد 14,59,039 ہے جبکہ 68,501 سروس ووٹرز ہیں۔ اب تک 4,18,541 پوسٹل ووٹ موصول ہو چکے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے لیے 62 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
تمل ناڈو میں اصل مقابلہ ڈی ایم کے کی قیادت والے اتحاد اور اے آئی اے ڈی ایم کے کی قیادت والے اتحاد کے درمیان ہے۔
مغربی بنگال میں 294 اسمبلی نشستوں کے لیے مقابلہ جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں 152 نشستیں شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں 142 نشستیں ہوں گی۔ اس مرحلے میں کل 1,478 امیدوار میدان میں ہیں۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی چوتھی بار حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ بی جے پی بھی ریاست میں حکومت بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔