دہلی: عمارت میں زبردست آگ، 6 لوگوں کی موت

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-03-2026
دہلی: عمارت میں زبردست آگ،  6 لوگوں کی موت
دہلی: عمارت میں زبردست آگ، 6 لوگوں کی موت

 



نئی دہلی
دہلی کے پالَم علاقے میں بدھ کے روز آگ لگنے کا ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ رام پھل چوک کے قریب ایک پانچ منزلہ عمارت میں زبردست آگ بھڑکنے سے 6 افراد کی دردناک موت ہو گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیوں کو موقع پر بلانا پڑا۔ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور اس حادثے میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عمارت سے کل 10 افراد کو ریسکیو ٹیم نے باہر نکالا، جن میں سے 6 کی موت ہو چکی ہے۔ تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دیگر زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ بچائے گئے افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
عمارت سے اٹھتا سیاہ دھواں
عمارت میں لگی آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، لیکن آگ ابھی مکمل طور پر نہیں بجھی۔ اس سے مسلسل سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار لگاتار پانی کا چھڑکاؤ کر رہے ہیں اور عمارت کے اندر سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
پانچ منزلہ عمارت میں لگی بھیانک آگ
جس عمارت میں آگ لگی، اس میں بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور ٹین شیڈ سے بنی چار منزلیں شامل ہیں۔ بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل پر کپڑوں اور کاسمیٹکس کی دکانیں تھیں، جبکہ دوسری اور تیسری منزل پر لوگ رہائش پذیر تھے۔ آگ لگتے ہی دو افراد عمارت سے نیچے کود گئے، جس کے باعث وہ بھی زخمی ہو گئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔
دورکا میں بھی پیش آیا تھا اسی طرح کا واقعہ
واضح رہے کہ ہفتے کے روز دہلی کے دورکا علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے کافی محنت کے بعد قابو پایا تھا۔ پولیس کے مطابق، پالَم کے رہائشی آشیش بھاردواج کو جمعہ کے روز چین سے تقریباً 70 سے 80 لاکھ روپے مالیت کے کپڑوں کی کھیپ ملی تھی، جسے گراؤنڈ فلور کی پارکنگ میں رکھا گیا تھا اور آگ میں سارا سامان جل کر خاک ہو گیا۔
اس واقعے کے دوران جان بچانے کے لیے ایک 21 سالہ نوجوان پہلی منزل سے نیچے کود گیا تھا، جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔