مذہبی مقام پر اجتماعی تدفین کیس: سپریم کورٹ کا میڈیا کوریج سے انکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2025
مذہبی مقام پر اجتماعی تدفین کیس: سپریم کورٹ کا میڈیا کوریج سے انکار
مذہبی مقام پر اجتماعی تدفین کیس: سپریم کورٹ کا میڈیا کوریج سے انکار

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کرناٹک کے دھرم استھل علاقے میں مبینہ اجتماعی تدفین کے معاملے کی میڈیا کوریج پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا۔ تاہم، جسٹس راجیش بندل اور جسٹس منموہن پر مشتمل بنچ نے کرناٹک کی ایک ماتحت عدالت کو ہدایت دی کہ وہ دھرم استھل مندر کے سیکریٹری کی طرف سے دائر کردہ عرضی پر دوبارہ غور کرے۔

سیکریٹری نے اپنی عرضی میں درخواست کی تھی کہ مندر کا انتظام کرنے والے خاندان کو نشانہ بنانے والے مبینہ توہین آمیز مواد کو ہٹایا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ صرف انتہائی نایاب معاملات میں میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ عدالت نے عرضی گزار سے کہا کہ وہ تمام متعلقہ مواد ماتحت عدالت کے سامنے پیش کرے۔ بنچ نے یہ واضح کیا کہ اس نے معاملے کے حقائق پر کوئی رائے ظاہر نہیں کی ہے۔

ہائی کورٹ نے 1 اگست کو بنگلور کی ایک دیوانی عدالت کے اُس حکم کو منسوخ کر دیا تھا جس میں مبینہ اجتماعی تدفین کے معاملے پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ عرضی گزار کے وکیل نے الزام لگایا کہ تقریباً 8,000 یوٹیوب چینلز مندر کے خلاف توہین آمیز مواد نشر کر رہے ہیں۔ دھرم استھل مندر کے سیکریٹری ہریشندر کمار ڈی نے مبینہ توہین آمیز مواد کو ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔