کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )
رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بعثت تاریخِ انسانیت کا ایک عظیم روشن باب ہے ۔ آپ کی ولادتِ باسعادت نے انسانیت کو جہالت، ظلم اور اخلاقی پستی کے اندھیروں سے نکال کر توحید، عدل، رحمت اور حسنِ اخلاق کی روشن راہ دکھائی۔آپ ﷺ نے اپنی پوری زندگی انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی بندگی، باہمی محبت، عدل و انصاف، اخوت اور امن کا درس دیا۔ آپ ﷺ کا اسوۂ حسنہ آج بھی پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نےکیرالہ کے نالج سٹی میں ربیع الاول کے پہلے پیر کو بعثت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے منعقدہ ایک روزہ عظیم الشان روحانی اجتماع ’’المولد الاکبر‘‘پروگرام سے کلیدی خطاب میں کیا ۔

شیخ ابوبکر نے کہاکہ آقا کی ولادت باعث رحمت ہے ،ربیع الاول مسلمانوں کو حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ کریمانہ اور تعلیماتِ نبوی کو یاد کرنے اور انہیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ محسن انسانیت کی آمد نے نہ صرف عرب کی زندگی بدل دی بلکہ پوری دنیا کے دینی، اخلاقی، سیاسی اور سماجی نظام پر دور رس اثرات مرتب کیے۔ آج ضرورت ہے مسلمان آقا کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں ،دنیا وآخرت کی سرخروئی اسی میں مضمر ہے ۔ کانفرنس کا افتتاح سنی جمعیۃ العلماء کے صدر اعلیٰ ای سلیمان مسلیار نے کیا ۔ انہوں نے اپنے ناصحانہ خطاب میں سیرت طیبہ کی تلقین کی ۔کانفرنس سے ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نےکہا کہ سولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات نے انسانی معاشرے کو اخلاق، عدل، مساوات اور باہمی احترام کی بنیادوں پر استوار کیا۔ آپ نے انسان کو اس کی اصل قدر و منزلت سے آشنا کیا اور واضح فرمایا کہ حقیقی فضیلت مال، منصب، نسل یا خاندان میں نہیں بلکہ تقویٰ، کردار اور نیک اعمال میں ہے۔

ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ آج اگر ہم رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کریں تو معاشرے سے ظلم، ناانصافی، تعصب اور بداعتمادی کا خاتمہ اور امن، اتحاد، اخوت اور انسانی وقار کا فروغ ممکن ہے۔کانفرنس کی صدارت مولانا عبدالقادر نے کی ۔کانفرنس سےمولانا پیروڈ عبد الرحمن ثقافی، مرکزی مشاورتی کونسل کے رکن پونملا محی الدین کٹی باقوی، حضرت الیاس باقوی (تمل ناڈو)، برکت اللہ صاحب متوپیٹ اور مولانا بشار حسین ثقافی (کشمیر) سمیت دیگر علما نے بھی خطاب کیا۔
مرکز کے صدر سید علی بافقي، سید شہاب الدین احمدل متونور، سید عیدروس متوکویا تنگل ایلنگور اور سید امبیچیکویا تنگل ایٹیکلم نے مختلف اوقات میں دعاؤں کی قیادت کی۔مرکز کے ڈائریکٹر جنرل سی محمد فیضی، حسن مسلمیار وایناڈ، وی پی ایم فیضی ولیاپلی، حسن علی صاحب ایروڈ، سید شرف الدین جمال اللیلی، سی پی عبیداللہ ثقافی، سید عبد الفتاح احمدل ، سید جلال الدین بخاری ویلایتور، سلیمان ثقافی ، ڈاکٹر محمد کنجی ثقافی اور سید محمد تراب الثقافی سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت۔
واضح رہے کہ جامعہ مرکز کے تحت مرکز نالج سٹی میں المولدالاکبر دس سال سے مسلسل بڑے پیمانے پر منعقد ہوتا ہے ۔ جس میں ہزاروں فرزاندان توحیدنے شرکت ۔ صبح نماز کے بعد ہی مولود سیشن کا آغاز ہوا ۔ بارگاہ خیرا لانام میں ہدیہ تبریک اور مولود شریف اور ذکروروایتی انداز میں اجتماعی دعا خوانی ہوئی ۔جس میں ریاست بھر کے علما مشائخ سمیت ملک کی مختلف ریاستوں سے عاشقان رسول کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔اجتماع کا اختتام عالمی امن وسلامتی کیلئے خصوصی دعا صلوۃ وسلام اور آخر میں تبرک کی تقسیم کیساتھ ہوا۔