نئی دہلی / آواز دی وائس
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا جمعرات کو آخری دن تھا۔ 21 جولائی کو اجلاس شروع ہوا اور آج 21 اگست کو یہ ختم ہوا۔ پورے ایک مہینے تک اجلاس ہنگامے کی نذر ہوگیا۔ اسی دوران ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ احاطے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے روایتی چائے پر ملاقات ہوئی، لیکن اس میں اپوزیشن کے کسی بھی رہنما نے شرکت نہیں کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ اجلاس بہت اچھا رہا کیونکہ کئی اہم بل پاس ہوئے۔ آن لائن گیمنگ بل کو بہترین قرار دیتے ہوئے پی ایم نے کہا کہ اس بل سے خاندانوں اور بچوں کو بڑی مدد ملے گی۔ یہ ایک طویل المدتی اثر ڈالے گا اور خاص طور پر عوام پر اس کا مثبت اثر ہوگا۔ یہی وہ موضوع ہے جس پر زیادہ بحث ہونی چاہیے۔
پی ایم نے کانگریس رہنماؤں کا ذکر کیا
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن بڑے بڑے بلوں پر بحث میں شامل ہوسکتی تھی لیکن وہ صرف رکاوٹ ڈالنے میں لگے رہے۔ پی ایم نے کہا کہ اپوزیشن میں، خاص طور پر کانگریس میں، بہت سے نوجوان رہنما انتہائی باصلاحیت ہیں لیکن خاندانی عدم تحفظ کی وجہ سے ان نوجوانوں کو بولنے کا موقع نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے یہی نوجوان رہنما راہل گاندھی کو غیر محفوظ اور گھبراہٹ میں مبتلا کر رہے ہوں۔
ایس آئی آر لے کر ووٹ چوری تک، اجلاس میں ہنگامہ
گزشتہ ایک مہینے میں پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران اپوزیشن نے مختلف مسائل کو لے کر خوب ہنگامہ کیا۔ خاص طور پر بہار میں ووٹر لسٹ ریویژن کا مسئلہ ایوان کے اندر اور باہر چھایا رہا۔ تقریباً روز ہی اپوزیشن نے اس کو لے کر مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اتنے ہنگامے کے باوجود بھی اس اجلاس میں لوک سبھا میں 12 بل پاس ہوئے اور 419 سوالات شامل کیے گئے۔
پی ایم مودی نے مانسون اجلاس کو "وجے اتسو والا سیشن" قرار دیا تھا، اس کے باوجود ایوان میں پہلے دن سے لے کر آخری دن تک اپوزیشن کا شور شرابہ جاری رہا۔ بدھ کے روز وزیر داخلہ امیت شاہ نے لوک سبھا میں تین اہم بل پیش کیے۔ ان بلوں کو لے کر زبردست ہنگامہ ہوا اور اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی۔ یہ بل پی ایم اور سی ایم کو سنگین جرائم کرنے پر عہدے سے ہٹانے کے حوالے سے پیش کیے گئے۔
اسپیکر اوم برلا نے کیا کہا؟
لوک سبھا میں آخری دن خطاب کرتے ہوئے، اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ اس مانسون اجلاس میں ایوان صرف 37 گھنٹے ہی چل پایا اور اہم موضوعات پر بحث ہوسکی۔ اپوزیشن جماعتوں نے بار بار آپریشن سندور اور انتخابی ریاست بہار میں خصوصی گہری نظرثانی مہم پر بحث کا مطالبہ اٹھایا، جس کے نتیجے میں بار بار کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ بار بار رکاوٹ کے باوجود، لوک سبھا نے 12 اہم بل پاس کیے۔