وائناڈ:لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما نے ہفتے کے روز کہا کہ جب ان پر ایک نہایت ہی سفاکانہ حملہ ہوا تھا، تب وائناڈ کے لوگوں نے ان کی حفاظت کی تھی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لیڈر جب انہیں ذرا سی بھی طاقت ملتی ہے تو وہ گھمنڈی ہو جاتے ہیں۔
ہندوستان میں کئی بڑے بڑے لیڈر ہیں جن میں ذرا بھی انکساری نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے کہا: جب مجھ پر حملہ ہوا، وہ بہت ہی سفاکانہ حملہ تھا، تب وائناڈ کے لوگوں نے میری حفاظت کی۔ یہی تو ایک خاندان کا فرد کرتا ہے۔ آپ نے میرے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جیسا میری بہن یا میری ماں کرتیں۔ آپ کے رویے نے میرے ساتھ ایک گہرا رشتہ قائم کر دیا۔ اب میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں بچا، میں آپ کو اپنے خاندان کا ہی حصہ مانتا ہوں۔
کیونکہ آپ یہ بھی کہہ سکتے تھے کہ ہم اس آدمی کی حفاظت نہیں کریں گے، لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا۔ آپ نے کہا کہ اس آدمی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور ہم اس کی حفاظت کریں گے۔ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جسے میں اپنی پوری زندگی کبھی نہیں بھولوں گا۔
انہوں نے آگے کہا: آپ نے دیکھا ہوگا کہ بہت سے لیڈر جب انہیں ذرا سی بھی طاقت ملتی ہے تو وہ گھمنڈی ہو جاتے ہیں۔ ہندوستان میں ایسے کئی بڑے لیڈر ہیں جن میں ذرا بھی انکساری نہیں ہے۔ لیکن (کیرالا کے سابق وزیر اعلیٰ) اومن چانڈی اتنے منکسرالمزاج کیوں تھے؟ کیونکہ ان کا کیریلا کے عوام سے گہرا تعلق تھا۔