نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی کابینہ کی منگل کو ہونے والی میٹنگ میں کئی بڑے فیصلے لیے گئے۔ حکومت نے راجستھان کے کوٹا کے بُوندی میں گرین فیلڈ نیا ایئرپورٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تقریباً 1507 کروڑ روپے کی لاگت سے اس نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اڈیشہ میں کٹک سے بھوبنیشور کے درمیان 8307 کروڑ روپے کی لاگت سے رنگ روڈ بنایا جائے گا۔
کوٹا میں کافی عرصے سے ایئرپورٹ کی مانگ کی جا رہی تھی۔ فی الحال کوٹا شہر میں ایک ایئرپورٹ موجود ہے لیکن اس کی صلاحیت بہت کم ہے اور یہ کافی چھوٹا ایئرپورٹ ہے۔ ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے راجستھان حکومت کی طرف سے 1000 ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی۔
نئے ایئرپورٹ کے نقشے کے مطابق ٹرمینل عمارت 3200 میٹر لمبے رن وے کے ساتھ 20,000 مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوگی۔ اس کی سالانہ صلاحیت 20 لاکھ مسافروں کی ہوگی۔ حکومت کا ہدف ہے کہ اسے دو سال کے اندر مکمل کر لیا جائے۔
مرکزی کابینہ کی منظوری کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مرکزی وزیر اشوِنی ویشنو نے بتایا کہ کوٹا میں بننے والے نئے ایئرپورٹ سے ہر سال 20 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے۔ یہ ایئرپورٹ دو سال میں تیار ہو جائے گا۔ ملک میں 2014 میں ایئرپورٹس کی تعداد 74 تھی جو اب بڑھ کر 162 ہو گئی ہے۔
وہیں، کٹک اور بھوبنیشور "ٹوِن سٹی" ہیں۔ ان کے لیے یہ پروجیکٹ لایا گیا ہے۔ کافی عرصے سے اس کی بھی ڈیمانڈ تھی۔ یہ پروجیکٹ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے "پُروَدَیَہ وژن" کا حصہ ہے۔ یہ رنگ روڈ 6 لین کا ہوگا جس میں ایکسس کنٹرول بھی ہوگا۔ رنگ روڈ کی کل لمبائی 111 کلومیٹر ہوگی اور اسے تیار کرنے میں ڈھائی سال کا وقت لگے گا۔