امپھال: منی پور ہائی کورٹ نے جمعہ کو ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھ ماہ کے اندر پنچایتی انتخابات کرائے۔ چیف جسٹس کیمیا سومی شیکھر اور جسٹس گنیشور شرما پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے یہ حکم طویل عرصے سے التوا میں پڑے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی سماعت کے دوران دیا۔
ریاست میں آخری بار پنچایتی انتخابات 2017 میں ہوئے تھے۔ پانچ سالہ مدت پوری ہونے کے بعد جون 2023 میں نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن وہ اب تک ملتوی ہیں۔ اس دوران پنچایتی راج ادارے انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ "منی پور میں پنچایتی راج نظام کو فعال بنانے کے لیے ریاستی حکومت کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ گرام پنچایت کے لیے نئی انتظامی کمیٹی اور ضلع پریشد کے لیے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرے، لیکن اس مدت کا دورانیہ چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔" عدالت نے ریاستی حکومت کی جانب سے انتظامی کمیٹیوں کی تقرری سے متعلق تمام سابقہ احکامات بھی منسوخ کر دیے۔
عدالت نے کہا: گرام پنچایت کی انتظامی کمیٹی اور ضلع پریشد کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے وہ تمام احکامات جو ریاستی حکومت نے 29.02.2024 کے عبوری حکم کی بنیاد پر چھ ماہ سے زائد مدت اور انتخابات تک کے لیے جاری کیے تھے، منسوخ کیے جاتے ہیں۔
عدالت نے مزید کہا: ریاستی حکومت کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ چھ ماہ کے اندر اندر نئے انتخابات کرائے۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت کو اختیار ہے کہ وہ گرام پنچایت کے لیے نئی انتظامی کمیٹی اور ضلع پریشد کے لیے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرے، لیکن یہ مدت چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔