امپھال
منی پور کے وزیر اعلیٰ وائی۔ کھیمچند سنگھ نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی حکومت منشیات کے مسئلے کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔سنگھ نے یہ بات نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سینئر حکام کے ساتھ ریاستی سیکریٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے بعد کہی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سنگھ نے کہا کہ سیکریٹریٹ میں این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (شمال مشرقی خطہ) آر۔ سدھاکر اور این سی بی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر پی۔ کے۔ مشرا نے مجھ سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مربوط اور مسلسل کوششوں کے ذریعے منشیات کے مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
سنگھ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران "خفیہ معلومات جمع کرنے کے نظام کو مضبوط بنانے، ریاستی اور بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرنے، اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے" پر خصوصی توجہ دی گئی۔