منی پور آتش زنی، دو سے تین ملزم گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2026
منی پور آتش زنی، دو سے تین ملزم گرفتار
منی پور آتش زنی، دو سے تین ملزم گرفتار

 



امپھال: منی پور کے ضلع امپھال ویسٹ کے کانتو سابال علاقے میں ایک برادری کے تین خالی مکانات کو مشتعل ہجوم کی جانب سے نذرِ آتش کیے جانے کے واقعے پر بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیکھم ڈنگو سنگھ نے اسے "انتہائی افسوسناک" قرار دیا ہے۔

انہوں نے پیر کے روز متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں اب تک دو سے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز تقریباً 600 افراد پر مشتمل ایک ہجوم، جو پڑوسی ضلع کانگپوکپی سے ریلی نکال کر آیا تھا، نے ضروری اشیائے کی سپلائی متاثر ہونے کے خلاف احتجاج کے دوران کانتو سابال پہنچ کر ایک برادری کے تین خالی مکانات کو مبینہ طور پر آگ لگا دی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکمائی اسمبلی حلقے کے رکن ہیکھم ڈنگو سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واقعے کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا، "یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ ایسا واقعہ پیش آیا۔ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ آتش زنی کا یہ واقعہ ریاست کے سب سے بڑے فوجی کیمپوں میں سے ایک کے سامنے پیش آیا۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور اب تک دو سے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ اس معاملے میں ہینگ جانگ گاؤں کے سربراہ کمنگ لووم (65) اور کھنکھو کوکی گاؤں کے رہائشی پاگن ہانگ شنگ (30) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مئی 2023 سے منی پور میں امپھال وادی کے میتیئی اور پہاڑی علاقوں کے کوکی برادریوں کے درمیان جاری نسلی تشدد میں اب تک 260 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔