کینیڈا: کپل شرما کے کیفے میں فائرنگ، انتظامیہ کا ردعمل

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-07-2025
کینیڈا: کپل شرما کے کیفے میں فائرنگ، انتظامیہ کا ردعمل
کینیڈا: کپل شرما کے کیفے میں فائرنگ، انتظامیہ کا ردعمل

 



سرے/ آواز دی وائس
کینیڈا کے سرے شہر میں مزاحیہ اداکار کپل شرما کے نئے ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے ایک دن بعد کیفے انتظامیہ نے 'انسٹاگرام' پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا کہ وہ اس صدمے سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر تشدد کے خلاف ان کا موقف مضبوط ہے۔
کیفے کی ٹیم نے جمعہ کو انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ ہم اس سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ہار نہیں مانیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آپ کے تعاون کا شکریہ۔ یہ کیفے آپ کے اعتماد کی وجہ سے ہی قائم ہے۔ تشدد کے خلاف سخت موقف اختیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ 'کپس کیفے' محبت اور سماجی ہم آہنگی کی ایک جگہ بنا رہے۔
سرے پولیس سروس  نے بتایا کہ انہیں جمعرات کی رات مقامی وقت کے مطابق 1:50 بجے ایک ادارے سے کال موصول ہوئی، اگرچہ ادارے کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ 10 جولائی کی رات 1:50 بجے "120 اسٹریٹ کے 8400 بلاک میں واقع ایک ادارے میں فائرنگ کی اطلاع ملی۔
پولیس کے مطابق کہ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو پتا چلا کہ گولیاں ادارے کی جانب چلائی گئی تھیں، جس سے املاک کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے وقت ادارے کے اندر ملازمین موجود تھے۔ سرے پولیس سروس نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چار جولائی کو برٹش کولمبیا کے سرے میں اس کیفے کا افتتاح ہوا تھا۔
انتظامیہ نے فوری کارروائی کرنے اور "اس بحران کے دوران سب کی حفاظت یقینی بنانے" پر پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
کپل شرما نے اس واقعے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔