راہل کی ریلی میں مودی پر نازیبا تبصرہ کرنے والا شخص گرفتار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
راہل کی ریلی میں مودی پر نازیبا تبصرہ کرنے والا شخص گرفتار
راہل کی ریلی میں مودی پر نازیبا تبصرہ کرنے والا شخص گرفتار

 



دربھنگہ/ آواز دی وائس
بہار کے دربھنگہ میں ووٹ ادھیکار یاترا کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر نازیبا تبصرہ کرنے والا نوجوان پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ دربھنگہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل اور تیجسوی کی یاترا کے دوران کچھ لوگوں نے وزیر اعظم مودی پر نازیبا الفاظ کہے تھے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں کچھ لوگ وزیر اعظم مودی اور ان کی والدہ کے لیے گالی گلوج کرتے ہوئے سنائی دے رہے تھے۔ اس واقعے میں شامل شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار شخص کانگریس کارکن بتایا جا رہا ہے، جس نے کانگریس پارٹی کا اسکارف گلے میں پہنا ہوا تھا۔
وزیر اعظم مودی کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال
صوبائی بی جے پی کے ایک وفد نے دربھنگہ میں راہل گاندھی کی ووٹ ادھیکار یاترا کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی مرحومہ والدہ کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے جمعرات کو پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا تھا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے انڈیا اتحاد کو عوام کی جانب سے “سزا” دی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جو مبینہ طور پر دربھنگہ ضلع کا ہے، جہاں سے بدھ کی صبح یہ یاترا شروع ہوئی تھی۔ اسی دوران راہل گاندھی، ان کی بہن اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی یادو موٹر سائیکل پر مظفرپور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ گالی گلوج پر کانگریس کا ردعمل
دربھنگہ میں پیش آئے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صوبائی کانگریس کے ترجمان اسِت ناتھ تیواری نے کہا تھا کہ ہماری پارٹی نہیں بلکہ بی جے پی گالی گلوج کے لیے جانی جاتی ہے۔ حکمران قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے خلاف اتنا غصہ ہے کہ لوگ اسٹیجوں سے اپنی بھڑاس نکالنے لگے ہیں۔ پھر بھی، ہم لوگوں کو اس طرح کے رویے سے روکتے ہیں اور سمجھاتے ہیں کہ ایسا کرنا بی جے پی کی عادت ہے، کانگریس کی نہیں۔