نئی دہلی/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ریاست میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز قومی خاندانی صحت سروے کے پانچویں مرحلے کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا اور الزام لگایا کہ ان کا یہ دعویٰ غریبوں کے ساتھ ایک ظالمانہ مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔
بی جے پی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی وِنگ کے سربراہ امت مالویہ کے مطابق بنگال میں چھ سے 59 ماہ کی عمر کے 69 فیصد بچے خون کی کمی (اینیمیا) کا شکار ہیں، جبکہ چوتھے سروے میں یہ شرح 54 فیصد تھی۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 71 فیصد خواتین اور 39 فیصد مرد بھی خون کی کمی میں مبتلا ہیں۔
ریاست میں پارٹی کے شریک انچارج مالویہ نے "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ممتا بنرجی کا ’غذائی تحفظ‘ پر لیکچر، مغربی بنگال کے غریبوں کے ساتھ ایک ظالمانہ مذاق ہے۔ قومی خاندانی صحت سروے - 5 ان کے بڑے بڑے دعوؤں کی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔
مالویہ نے بتایا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں بچوں میں ’ویسٹنگ‘ (قد کے حساب سے کم وزن) کے معاملات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں کولکاتا میں 11.9 فیصد، دارجلنگ میں 9.3 فیصد، جنوبی دناذپور میں 5.7 فیصد اور ہاوڑہ میں 6.7 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی نام نہاد ’خادیا ساتھی‘ اور ’دُوآرے راشن‘ اسکیمیں دراصل ان کے ’بھتیجے‘ اور ترنمول کانگریس کے خوشامدیوں کے لیے دعوت ہیں، جو بنگال کی محنت کی کمائی پر عیش کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی صرف اپنے بدعنوان ساتھیوں کے لالچ کی بھوک مٹا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ممتا بنرجی نے "ایکس" پر کہا تھا کہ ان کی حکومت نے ریاست میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایا ہے اور ان کی کئی فلاحی اسکیمیں لوگوں کے گھروں تک غلہ اور راشن پہنچا رہی ہیں۔ مالویہ نے مزید کہا کہ 2026 تک مغربی بنگال پر 7.72 لاکھ کروڑ روپے کا قرض ہونے کا امکان ہے اور ریاستی حکومت عوام کو بھوکا مار رہی ہے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ 2026 میں بی جے پی اس تماشے کو ختم کرے گی اور بنگال کے لیے حقیقی غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔