مشن 'پاک بےنقاب' سے ممتا نے بنائی دوری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-05-2025
مشن 'پاک بےنقاب' سے ممتا نے بنائی دوری
مشن 'پاک بےنقاب' سے ممتا نے بنائی دوری

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پاکستان کو دہشت گردی کے معاملے پر دنیا کے سامنے بےنقاب کرنے کے لیے مختلف ممالک کے دورے پر روانہ ہونے والے ہمہ جماعتی وفد سے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے خود کو الگ کر لیا ہے۔ ٹی ایم سی نے مرکزی حکومت کو مطلع کیا ہے کہ یوسف پٹھان یا کوئی اور رکن پارلیمنٹ اس وفد کا حصہ نہیں بنے گا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وفد میں کون سا ممبر  شامل ہوگا، یہ فیصلہ پارٹی خود کرے گی، مرکز نہیں۔
ٹی ایم سی کے اس فیصلے پر کہ یوسف پٹھان کا نام وفد سے واپس لے لیا جائے، مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے کہا کہ ایسے قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ جب آپ بین الاقوامی سطح کی بات کر رہے ہیں اور ایک ہمہ جماعتی وفد جا رہا ہے، تو عالمی سطح پر ایسے نازک معاملے پر اختلاف پیدا کرنا درست نہیں۔ اگر کوئی شکایت ہے تو اُس پر اندرونی طور پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔
مشن 'پاک بےنقاب' کیا ہے؟
آپریشن سیندور' کے بعد ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف پیغام لے کر سات ہمہ جماعتی وفود مختلف ممالک کے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے چار وفود کی قیادت حکمران جماعتوں کے رہنما کریں گے جبکہ تین کی سربراہی حزب اختلاف کے رہنما کریں گے۔ یہ وفود دنیا کو بتائیں گے کہ ہندوستان دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور اس کے خلاف قومی اتفاق رائے اور پختہ عزم رکھتا ہے۔
وفد کی قیادت کے لیے حکومت نے جن رہنماؤں کا انتخاب کیا ہے ان میں بی جے پی کے روی شنکر پرساد اور بیجیانت پانڈا، شیوسینا کے شری کانت شندے، اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سنجے جھا شامل ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے کانگریس کے ششی تھرور، ڈی ایم کے کی کنی موزھی، اور این سی پی (ایس پی) کی سپریا سولے کو شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ کانگریس نے نام نہیں دیے تھے، لیکن کیرالہ سے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے مرکز کی دعوت کو قبول کر لیا۔ تھرور نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس میں کوئی سیاست نظر نہیں آتی۔
جب حکومت نے کانگریس سے چار ممبران  کے نام مانگے تو کانگریس نے سابق مرکزی وزیر آنند شرما، لوک سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی، راجیہ سبھا رکن سید ناصر حسین، اور لوک سبھا ممبر  راجہ برار کے نام دیے۔
ترنمول کانگریس کا مؤقف کیا ہے؟
ٹی ایم سی کا کہنا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ قوم سب سے مقدم ہے اور ہم نے اپنے عظیم ملک کے تحفظ کے لیے درکار تمام اقدامات کی حمایت کا وعدہ مرکز سے کیا ہے۔ ہمارے مسلح افواج نے ہمیں فخر کا موقع دیا ہے اور ہم ان کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ خارجہ پالیسی مکمل طور پر مرکز کے دائرہ کار میں آتی ہے، اس لیے یہی مرکز کی ذمہ داری ہے کہ وہ خارجہ پالیسی طے کرے اور اس کی مکمل ذمہ داری لے۔‘
اس پر ٹی ایم سی کے قومی جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں آپ کو یہ معلومات کہاں سے ملی۔ میں بالکل واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ مرکز جو بھی فیصلہ کرے گا جس کا مقصد قومی مفادات کے تحفظ کے لیے دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہو، ٹی ایم سی اس میں مرکز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی۔ ہمیں کسی وفد کے جانے سے کوئی مسئلہ نہیں۔ لیکن یہ فیصلہ کہ وفد میں ہماری پارٹی کا کون رکن شامل ہوگا، یہ ہماری پارٹی کا اختیار ہے۔ مرکز یا اس کی حکومت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتی کہ کس پارٹی سے کون جائے گا۔ ٹی ایم سی، ڈی ایم کے، کانگریس، عام آدمی پارٹی اور سماج وادی پارٹی کا کون ممبر  وفد میں جائے گا، یہ فیصلہ متعلقہ پارٹیاں ہی کریں گی۔