کولکتہ/ آواز دی وائس
بِہار کے بعد بنگال سمیت کئی ریاستوں میں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ووٹر لسٹ کی جانچ کا گہرا خصوصی ازسرِنو جائزہ (ایس آئی آر) شروع کیا گیا ہے۔ مغربی بنگال میں بھی ایس آئی آر کی کارروائی شروع ہو چکی ہے، جس پر کئی ترنمول کانگریس لیڈروں نے اعتراض کیا ہے۔ بنگال میں جاری ایس آئی آر کو لے کر ٹی ایم سی اور بی جے پی لیڈروں کے درمیان الزام تراشی جاری ہے۔ اب مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں جاری ایس آئی آر کارروائی کے سلسلے میں ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو خط لکھا ہے۔
ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر سے ووٹر لسٹ میں جاری اس خصوصی گہرے جائزے کی کارروائی کو روکنے کی اپیل کی ہے۔
سی ایم ممتا بنرجی کا الزام، بوٹھ سطح کے افسر ’غیر انسانی دباؤ‘ میں کام کر رہے ہیں
ممتا بنرجی نے کہا کہ بوٹھ لیول آفیسرز (بی ایل او) پورے ریاست میں گھر گھر جا کر اس عمل کو انجام دے رہے ہیں اور ان پر ’’غیر انسانی‘‘ کام کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ بی ایل او کی مدد کرنے کے بجائے ریاستی الیکشن کمیشن دھمکیاں دے رہا ہے
اپنے تین صفحات پر مشتمل خط میں ممتا بنرجی نے لکھا کہ بی ایل او اب انسانی حدود سے بہت آگے جا کر کام کر رہے ہیں۔ اس وقت الیکشن کمیشن کا ردِعمل بالکل ناقابلِ قبول ہے! ایس آئی آر کی کارروائی میں مصروف اہلکاروں کی مدد کرنے، ڈیڈ لائن بڑھانے یا نظامی خامیوں کو درست کرنے کے بجائے ریاستی الیکشن کمیشن دھمکیوں کا سہارا لے رہا ہے۔
ممتا بنرجی کی چیف الیکشن کمشنر سے درخواست
ممتا نے اپنے خط میں کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ براہِ کرم اس مشق کو فی الفور روکا جائے، زبردستی کی کارروائی بند کی جائے، اور مناسب تربیت و مدد فراہم کرنے کے لیے مداخلت کی جائے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے ایس آئی آر کی موجودہ طریقۂ کار اور ٹائم لائن پر دوبارہ غور کرنے کی بھی اپیل کی۔
ممتا بنرجی: یہ عمل ’غیر منصوبہ بند اور بے ترتیبی‘ کا شکار
ممتا بنرجی نے صاف کہا کہ جس طرح یہ عمل افسران اور شہریوں پر مسلط کیا جا رہا ہے، وہ نہ صرف غیر منصوبہ بند اور بے ترتیب ہے بلکہ خطرناک بھی ہے۔ بنیادی تیاری، مناسب منصوبہ بندی اور واضح رابطے کے فقدان نے پہلے دن سے ہی اس عمل کو مفلوج کر رکھا ہے۔
جلپائی گوڑی میں ایک بی ایل او مردہ پایا گیا
ممتا بنرجی کا یہ خط اس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جب مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع کے مالبازار میں ایک بی ایل او اپنے گھر میں مردہ حالت میں ملی تھیں۔ اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ وہ ایس آئی آر کے کام کی وجہ سے شدید دباؤ اور تناؤ میں تھیں۔
اس سے پہلے کیرالہ اور راجستھان سے بھی بی ایل او کے خودکشی کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔