کولکاتا: مغربی بنگال کی سبکدوش ہونے والی وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد منگل کو استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ یہ نتیجہ عوامی مینڈیٹ نہیں بلکہ ایک “سازش” کا نتیجہ ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف لڑائی لڑی، جس نے ان کے مطابق بی جے پی کے حق میں کام کیا۔ انہوں نے کہا، “میرے استعفیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ ہماری شکست عوام کے فیصلے سے نہیں بلکہ ایک سازش کے تحت ہوئی ہے… میں ہاری نہیں ہوں۔ وہ آئینی ضابطوں کے مطابق جو چاہیں کریں۔”
ممتا بنرجی نے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تقریباً 100 نشستوں پر مینڈیٹ “چھین لیا گیا” اور جان بوجھ کر گنتی کو سست کیا گیا تاکہ پارٹی کا حوصلہ توڑا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ ہو گیا ہے۔” انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر بھی جمہوری حقوق کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔
ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ انتخابی نتائج کے بعد ہونے والے تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 10 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیں گی۔ انہوں نے 2021 کے انتخابات کے بعد تشدد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا اتحاد کے کئی رہنماؤں نے ان سے رابطہ کر کے یکجہتی کا اظہار کیا، جن میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی بھی شامل ہیں۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ اب وہ قومی سطح پر اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں گی۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 294 رکنی اسمبلی میں 207 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی ہے اور ریاست میں ترنمول کانگریس کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا ہے۔