ممتا بنرجی نے سیلاب متاثرین کو 5 لاکھ دینے کا اعلان کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-10-2025
ممتا بنرجی نے سیلاب متاثرین کو 5 لاکھ دینے کا اعلان کیا
ممتا بنرجی نے سیلاب متاثرین کو 5 لاکھ دینے کا اعلان کیا

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو اعلان کیا کہ سیلاب متاثرین کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا (معاوضہ) دیا جائے گا اور ہر متاثرہ خاندان کے ایک رکن کو خصوصی ہوم گارڈ کی نوکری دی جائے گی۔ یہ اعلان ان کے شمالی بنگال کے دو روزہ دورے سے قبل کیا گیا۔
ممتا بنرجی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ آج ہم شمالی بنگال جا رہے ہیں۔ میں وہاں دو دن قیام کروں گی تاکہ راحت اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لے سکوں۔ میرے ساتھ چیف سکریٹری ہیں اور ڈی جی پولیس پہلے ہی وہاں پہنچ چکے ہیں۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کو مختلف متاثرہ حصوں میں، خاص طور پر زیادہ متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیا ہے۔ اگرچہ موت کی تلافی ممکن نہیں ہے، لیکن ہم ہر متوفی کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے دیں گے اور ایک رکن کو خصوصی ہوم گارڈ کی نوکری دیں گے، یہ ایک خاص جذبے کے تحت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں پولیس اور انتظامیہ راحت و بحالی کے کام کر رہی ہے اور عوام کے لیے کمیونٹی کچن کھولے گئے ہیں۔ سیاحوں کو محفوظ نکالا جا رہا ہے اور ہوٹلوں میں قیام کے انتظامات حکومت کے خرچ پر کیے جا رہے ہیں۔ شمالی بنگال اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور دیگر ٹرانسپورٹ ادارے خصوصی ولوا اور لمبے روٹ کی بسوں کے ذریعے پھنستے ہوئے سیاحوں کو باہر لا رہے ہیں۔
ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ میں آج اور کل شمالی بنگال کے کچھ علاقوں کا دورہ کروں گی اور ہماری انتظامیہ ہر متاثرہ مقام پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد پہنچائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت نے گنگا-ہوگلی دریا کی مناسب ڈریجنگ اور ڈیسلٹیشن کا کام کیا ہوتا اور ڈیم و بیراجوں کا استعمال اس طرح نہ کیا جاتا تو یہ انسان ساختہ سیلاب نہ آتا۔ ممتا بنرجی کے مطابق مرکز کی لاپرواہی کی وجہ سے شمالی و جنوبی بنگال کے کئی علاقے اس بار شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی آبپاشی کے منصوبوں اور چیک ڈیم وغیرہ نے کئی جگہوں پر نقصان کو کم کیا ہے۔ ممتا نے پولیس، فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران کی جاری بچاؤ کارروائیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
ادھر کلکتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اب تک 500 سیاحوں کو 45 بسوں کے ذریعے محفوظ نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام سیاحوں کو بچا لیا ہے۔ ڈائمنڈ ہاربر میں ایک شخص لاپتہ ہے، اس کے علاوہ باقی 500 سیاحوں کو ولوا اور اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بسوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 250 لوگوں کے لیے سلی گوڑی میں قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ تمام سیاح محفوظ ہیں اور پولیس نے کمیونٹی کچن بھی شروع کر دیا ہے۔
اضلاع کے حکام کے مطابق دارجلنگ میں طوفانی بارش اور تباہی کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ میرک میں 11، جوربنگلو میں 4، سکھیہ پوکھری میں 2 اور دارجلنگ صدر میں 1 شخص کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔