آگ سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا عمارت کا ڈیزائن، مالویہ نگر سانحے میں انکشاف

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2026
آگ سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا عمارت کا ڈیزائن، مالویہ نگر سانحے میں انکشاف
آگ سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا عمارت کا ڈیزائن، مالویہ نگر سانحے میں انکشاف

 



 نئی دہلی: چیف فائر آفیسر اے کے ملک نے جمعرات کو کہا کہ مالویہ نگر آتشزدگی سانحہ کی تحقیقات دہلی پولیس بھارتیہ نیایا سنہتا (بی این ایس) کے تحت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائر فائٹنگ، سرچ اور ریسکیو آپریشن کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ عمارت کا ڈیزائن ایسا تھا جس کی وجہ سے اندر موجود افراد کے لیے باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔ ان کے مطابق پوری عمارت مکمل طور پر بند تھی اور تمام کھڑکیاں مستقل طور پر سیل کر دی گئی تھیں۔

اے کے ملک نے کہا کہ ایسی عمارتوں میں آگ لگنے کی صورت میں لوگوں کے پاس جان بچانے کے لیے صرف چند سیکنڈ یا چند منٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں آگ گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جس کی وجہ سے اوپر موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق یہ عمارت گراؤنڈ فلور سمیت پانچ منزلہ تھی اور بلڈنگ بائی لاز کے مطابق اس میں دو سیڑھیوں کا ہونا ضروری تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق اس حادثے میں 21 افراد ہلاک جبکہ 28 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ واقعے کے بعد انتظامی سطح پر فوری کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور اسی شام ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کی سربراہی متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کریں گے جبکہ میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر اور دہلی پولیس کے ڈی سی پی بھی اس کے ارکان ہوں گے۔ یہ کمیٹی ایسی عمارتوں کا سروے کرے گی۔

دریں اثنا دہلی کی ایک عدالت نے مالویہ نگر کے فلورش اسٹیز ہوٹل کے مالک لوکیش بجاج کو آتشزدگی سانحے کے سلسلے میں چار روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

گرفتاری کے بعد لوکیش بجاج کو ساکیت عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بھانو پرتاپ سنگھ کے روبرو پیش کیا گیا۔

دہلی پولیس نے ان کے خلاف بھارتیہ نیایا سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جن میں قتلِ خطا، آگ کے ذریعے نقصان پہنچانے، املاک کو نقصان پہنچانے، دوسروں کی جان و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور آگ کے معاملے میں غفلت برتنے سے متعلق دفعات شامل ہیں۔