ملیکارجن کھڑگے کو پیس میکر لگا دیا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
ملیکارجن کھڑگے کو پیس میکر لگا دیا گیا
ملیکارجن کھڑگے کو پیس میکر لگا دیا گیا

 



نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے کو بدھ کے روز پیس میکر لگا دیا گیا۔ یہ اطلاع ان کے بیٹے اور کرناٹک کے وزیر پریانک کھڑگے نے دی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 83 سالہ کھڑگے کو منگل کے روز شہر کے ایم ایس رمایا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

پریانک نے کہا کہ ان کے والد کی حالت مستحکم ہے اور وہ خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں لکھا: "کانگریس صدر کھڑگے کو پیس میکر لگانے کا مشورہ دیا گیا تھا اور اسی طے شدہ عمل کے لیے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ آپ سب کی تشویش اور نیک خواہشات کے لیے شکر گزار ہوں۔" بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھڑگے کی صحت بالکل مستحکم ہے اور کسی کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پریانک نے مزید کہا: "ڈاکٹروں نے عمر سے متعلق مسائل اور سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے پیس میکر لگانے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ دل کی دھڑکن کو مستحکم رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کوئی اور مسئلہ نہیں ہے۔" انہوں نے بتایا کہ "عملی طور پر تمام کارروائی مکمل ہو چکی ہے، سب کچھ بالکل ٹھیک اور معمول پر ہے، کسی کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ عوام کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی بدولت انہیں (کھڑگے کو) کوئی اور مسئلہ نہیں ہے۔" پریانک نے کہا کہ ان کے والد 83 برس کے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں کا سفر کرتے رہتے ہیں۔

کانگریس صدر کی حیثیت سے ان پر بڑی ذمہ داری ہے اور موجودہ حالات میں یہ ذمہ داری نبھانا یقیناً مشکل کام ہے۔ لیکن ان کے ساتھ عوام کی دعائیں اور نیک خواہشات ہیں۔ ڈاکٹروں نے آپریشن کے بعد کھڑگے کو آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

پریانک نے کہا کہ "انہیں دو سے تین دن آرام کی ضرورت پڑ سکتی ہے، لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔" کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا نے اسپتال جا کر کھڑگے سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ قابل ذکر ہے کہ کھڑگے راجیہ سبھا میں قائد حزبِ اختلاف بھی ہیں۔