ملک العلماء کی خدمات مسلمانوں کے لئے نمونہ عمل ہیں: مفتی ملک الظفر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2021
جامعہ رضویہ پٹنہ
جامعہ رضویہ پٹنہ

 

 عبد الحئی خان/ نئی دہلی

جامعہ رضویہ پٹنہ میں یوم ملک العلماء مولانا ظفر الدین بہاری کے عرس کے موقعہ پر منعقد ایک محفل میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے معروف عالم دین و سرپرست الجامعہ الرضویہ و دار العلوم خیریہ نظامیہ مفتی محمد ملک الظفر سہسرامی نے کہا کہ اعلی حضرت نے جس طرح ایک منصوبہ بند انداز میں کام کیا آج انہیں کے اثرات ہیں کہ دین اور اقدار دین کی شمعوں سے ہماری زندگی میں رونقیں تازہ دم ہیں-وہ ایک محفل سے ان لائن خطاب کر رہے تھے-

انہوں نے مزید کہا کھ اسلاف کی معتبر و مستند زندگی سے سمت نو متعین کرنے میں ہی ان کے عقیدت مندوں کی کامیابیوں کا راز پوشیدہ ہے- دین کی حفاظت کی خاطر ہمارے مقدس و بڑے بزرگوں نے ایثار و قربانی سے جو لازوال تاریخ مرتب کی ہے وہ یقیناً ہمارے لئے نمونہ عمل ہیں اور ہمیں ان پر چلنا چاہیے اور انہیں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہمارے شب و روز میں دین اور اقدار دین کی رونقیں پائی جاتی ہیں- انہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بےدینی کے خلاف آنے والی نسلوں کے ایمان و عقاید، خیالات و نظریات کے تحفظ کو یقینی بنایا-

اس موقعہ پر مولانا رحمت الله صدیقی نے امام احمد رضا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بے توجہی کے سبب اس عظیم اسکالر کی ہمہ جہت خدمات کا دائرہ سمٹتا ہوا محسوس ہوتا ہے- علم توقیت میں اعلی حضرت سند کے مقام پر ہیں- ضرورت ہے کہ ان کی علمی بلندی سے پردے اٹھائے جائیں اور ان کے ہمہ جہت علوم سے لوگوں کو واقف کرایا جائے-

اس موقعہ پر قاری قصررضا پرنسپل، قاری سرفراز رضوی اور قاری ابو بکر رضوی نے ملک العلماء کی ہمہ جہت خدمات کا تعارف پیش کیا- جامعہ کے سیکریٹری الحاج سید ولی الدین رضوی اور زین العابدین نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور مزار پر حاضری دی اور گل پوشی کی اور ملک میں امن و امان کے لئے دعائیں مانگیں-

دہلی سے مولانا یاسین اختر مصباحی نے کہا کہ ملک العلما مولانا ظفر الدین بہاری اعلی حضرت کے ابتدائی تلامذہ میں تھے اور ان کے خلیفہ تھے- انہوں نے اسی تعلق کی وجہ سے حیات اعلی حضرت جو تین جلدوں پر مشتمل ہے، تحریر کی- انہوں نے احادیث پر بھی کام کیا ہے- ان کے صاحب زادے ڈاکٹر مختارالدین احمد علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ عربی کے سربراہ رہے ہیں-

بنارس ہندو یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد افضل مصباحی نے ملک العلما کو اس موقعہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وقت کے بڑے عالم تھے- انہیں نے علم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں- اعلی حضرت کے ساتھ ان کی علمی سرگرمیوں میں شریک رہے- ہند پاک بلکہ پوری دنیا میں ان سے فیض یاب ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے-