مالیگاؤں دھماکہ کیس : ہائی کورٹ نے این آئی اے اور سات بری شدہ افراد کو نوٹس جاری کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
مالیگاؤں دھماکہ کیس : ہائی کورٹ نے این آئی اے اور سات بری شدہ افراد کو نوٹس جاری کیا
مالیگاؤں دھماکہ کیس : ہائی کورٹ نے این آئی اے اور سات بری شدہ افراد کو نوٹس جاری کیا

 



ممبئی:ممبئی ہائی کورٹ نے 2008 کے مالیگاؤں دھماکہ معاملے میں متاثرین کے اہل خانہ کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کرتے ہوئے بری کیے گئے سات افراد کو جمعرات کے روز نوٹس جاری کیے۔ چیف جسٹس شری چندرشیکھر اور جسٹس گوتم انکھڑ کی بنچ نے استغاثہ یعنی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور مہاراشٹر حکومت کو بھی نوٹس جاری کیے اور اپیل پر اگلی سماعت کے لیے چھ ہفتے بعد کی تاریخ مقرر کی۔

ہائی کورٹ مالیگاؤں دھماکہ میں جاں بحق چھ افراد کے اہل خانہ کی طرف سے ملزمان کو بری کیے جانے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کر رہا ہے۔ اس اپیل میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سابق رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت سمیت معاملے کے سات ملزمان کو بری کرنے کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے دائر اپیل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ناقص تفتیش یا تحقیقات میں خامیاں ملزمان کو بری کرنے کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ (دھماکے کی) سازش خفیہ طور پر رچی گئی تھی اور اس لیے اس کا براہِ راست ثبوت ممکن نہیں۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ 31 جولائی کو خصوصی این آئی اے عدالت کی جانب سے سات ملزمان کو بری کرنے کا حکم غلط اور قانونی طور پر ناقابلِ قبول ہے، اس لیے اسے منسوخ کیا جانا چاہیے۔

مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں ممبئی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور مالیگاؤں شہر میں ایک مسجد کے قریب 29 ستمبر 2008 کو موٹر سائیکل پر بندھے دھماکہ خیز مواد میں دھماکہ ہوا تھا، جس میں چھ افراد ہلاک اور 101 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ نچلی عدالت کے جج کو فوجداری مقدمے میں ’’ڈاکیہ یا تماشائی‘‘ کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ جب استغاثہ حقائق سامنے لانے میں ناکام ہو تو نچلی عدالت سوالات کر سکتی ہے اور/یا گواہوں کو طلب کر سکتی ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہے، ’’بدقسمتی سے نچلی عدالت نے صرف ایک ڈاکخانہ کی طرح کام کیا ہے اور ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایک ناقص استغاثہ کو اجازت دی ہے۔‘‘ اس میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے مقدمے کی تفتیش اور طریقہ کار پر بھی تشویش ظاہر کی گئی اور ملزمان کو سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) نے سات افراد کو گرفتار کر کے ایک بڑی سازش کا پردہ فاش کیا اور اس کے بعد سے اقلیتی برادری کے علاقوں میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ این آئی اے نے مقدمہ اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد ملزمان کے خلاف الزامات کو کمزور کر دیا۔

خصوصی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ صرف شک حقیقی ثبوت کی جگہ نہیں لے سکتا اور سزا کے لیے کوئی ٹھوس یا قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں ہے۔ این آئی اے عدالت کی صدارت کرنے والے خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف کوئی ’’قابلِ اعتماد اور ٹھوس ثبوت‘‘ موجود نہیں ہے جو مقدمے کو شک سے بالاتر ثابت کر سکے۔ استغاثہ نے دلیل دی تھی کہ فرقہ وارانہ طور پر حساس مالیگاؤں شہر میں مسلم کمیونٹی کو خوفزدہ کرنے کے ارادے سے دائیں بازو کے انتہا پسندوں نے دھماکہ کیا تھا۔

این آئی اے عدالت نے اپنے فیصلے میں استغاثہ کے مقدمے اور کی گئی تحقیقات میں کئی خامیوں کو اجاگر کیا تھا اور کہا تھا کہ ملزمان شک کا فائدہ پانے کے حقدار ہیں۔ ٹھاکر اور پروہت کے علاوہ ملزمان میں میجر رمیش اپادھیائے (ریٹائرڈ)، اجے راہِرکر، سدھاکر دویدی، سدھاکر چترویدی اور سمیر کلکرنی شامل ہیں۔