مالیگاؤں دھماکہ کیس : فیصلہ کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2025
مالیگاؤں دھماکہ کیس : فیصلہ کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج
مالیگاؤں دھماکہ کیس : فیصلہ کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج

 



ممبئی: مالیگاؤں دھماکہ معاملے میں ہلاک شدگان کے چھ لواحقین نے بمبئی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ان خاندانوں نے خصوصی این آئی اے عدالت کے اُس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر، لیفٹیننٹ کرنل پرساد پوروہت سمیت سات ملزمین کو بری کر دیا گیا تھا۔

یہ اپیل پیر کو نثار احمد سید بلال اور دیگر نے اپنے وکیل متین شیخ کے ذریعے دائر کی۔ 29 ستمبر 2008 کو مالیگاؤں کی ایک مسجد کے قریب کھڑی موٹر سائیکل پر بندھا دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا تھا۔ یہ واقعہ ناسک ضلع کے فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقے میں پیش آیا۔ دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور 101 زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پورے ملک میں سیاسی اور سماجی سطح پر ہلچل مچ گئی تھی۔

عرضی گزاروں کا کہنا ہے کہ 31 جولائی کو این آئی اے کورٹ کی جانب سے دیا گیا بری کرنے کا حکم غلط اور قانون کے خلاف ہے، اس لیے اسے منسوخ کیا جانا چاہیے۔ متاثرہ خاندانوں نے دلیل دی کہ عدالت نے ثبوتوں کو نظرانداز کیا اور ملزمین کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا۔ این آئی اے کورٹ کے خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ شک کو ثبوت کا مقام نہیں دیا جا سکتا۔

عدالت نے کہا کہ استغاثہ ایسے پختہ اور قابلِ اعتماد ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا جس سے ملزمین کی سزا یقینی ہو سکے، اسی لیے انہیں شک کا فائدہ دیا گیا۔ استغاثہ کا الزام تھا کہ دھماکہ دائیں بازو کے انتہا پسندوں نے کیا تھا، جن کا مقصد مالیگاؤں جیسے حساس شہر میں مسلم برادری کو دہشت زدہ کرنا تھا۔ لیکن عدالت نے استغاثہ کی جانچ اور کیس میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی۔ عدالت نے کہا کہ پیش کردہ ثبوت اتنے مضبوط نہیں تھے کہ سزا دی جا سکے۔

پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور پرساد پوروہت کے علاوہ میجر رمیش اپادھیائے (ریٹائرڈ)، اجے رہیرکر، سدھاکر دویدی، سدھاکر چترویدی اور سمیر کلکرنی کو بھی بری کر دیا گیا۔ اب متاثرہ خاندان ہائی کورٹ سے امید لگا رہے ہیں کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر نظرثانی ہوگی اور انہیں انصاف ملے گا۔