ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم گرانڈمفتی آف انڈیا سے ملاقات کریں گے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2026
ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم گرانڈمفتی آف انڈیا سے ملاقات کریں گے
ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم گرانڈمفتی آف انڈیا سے ملاقات کریں گے

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اپنے 5 روزہ دورۂ ہند کے دوران اتوار کو کیرالہ کے تاریخی شہر کالی کٹ پہنچیں گے۔ نئی دہلی میں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد وہ کالی کٹ مرکز الثقافۃ کا دورہ کریں گے جہاں ہندوستان کے گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد سے ملاقات کریں گے۔انور ابراہیم کالی کٹ کے کارنتھور میں واقع جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے مرکزی صدر دفتر میں گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر مرکز کنونشن سینٹر میں خصوصی دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے بعد گرانڈ مفتی کی جانب سے ملائیشیا کے وزیر اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔

دورے کے دوران مذہبی۔ سیاسی اور سماجی شعبوں کی ممتاز شخصیات کے ساتھ ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوگی۔ اس میں تعلیم۔ علم۔ سماجی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

مرکز کے دورے کے بعد ملائیشیا کے وزیر اعظم گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد کے ہمراہ جنوبی ہند کے معروف روحانی و زیارتی مرکز مڈور میں واقع سی ایم ولی اللہ کے مزار پر حاضری دیں گے۔واضح رہے کہ انور ابراہیم کا گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد سے ملاقات کے لیے یہ دوسرا دورۂ کیرالہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ ستمبر 2022 میں مرکز تشریف لائے تھے۔ اس وقت وہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے سے چند ہفتے دور تھے۔ اس موقع پر بھی انہوں نے گرانڈ مفتی کے ہمراہ سی ایم ولی اللہ کے مزار پر حاضری دی تھی۔

ملائیشیا کا اعلیٰ ترین اعزاز

گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد کی عالمی خدمات کے اعتراف میں حکومت ملائیشیا نے 2023 میں انہیں انٹرنیشنل توکوہ مال الہجرہ ایوارڈ سے نوازا تھا۔ اسے ملائیشیا میں مذہبی اسکالرز کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے۔شیخ ابوبکر احمد کی 6 دہائیوں پر محیط تدریسی اور حدیثی خدمات کے اعتراف میں حکومت ملائیشیا کی سرپرستی میں 2023۔ 2024 اور 2025 میں کوالالمپور میں بین الاقوامی مجالس قراءت حدیث کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ان مجالس کی قیادت شیخ ابوبکر احمد نے کی۔

شیخ ابوبکر احمد ملائیشیا میں مقیم ہندوستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور روزگار سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی مختلف مواقع پر اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ کیرالہ خصوصاً کالی کٹ اور ملائیشیا کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے قیام کی کوششوں میں بھی ان کی کاوشیں قابل ذکر رہی ہیں۔

دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی توقع

وزیر اعظم انور ابراہیم کا دورۂ ہند اور بالخصوص کیرالہ کا دورہ ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت۔ سیاحت۔ سرمایہ کاری۔ اقتصادی شراکت داری۔ تعلیم اور فضائی رابطے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی توقع ہے۔اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو نئی جہت ملنے کے ساتھ عوامی اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہونے کے امکانات بھی ہیں۔