نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو دعویٰ کیا کہ بے روزگاری اور "ووٹ چوری" کا سیدھا تعلق ہے اور اب ہندوستان کو ان دونوں سے آزاد کرانا ہی سب سے بڑی حب الوطنی ہے۔
راہل نے بہار کے کچھ نوجوانوں پر لاٹھی چارج اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سیر سے متعلق الگ الگ ویڈیوز ’ایکس‘ پر شیئر کیے اور کہا کہ نوجوان سمجھ چکا ہے کہ اصل لڑائی صرف نوکریوں کی نہیں بلکہ "ووٹ چوری" کے خلاف ہے، کیونکہ جب تک انتخابات چوری ہوتے رہیں گے، تب تک بے روزگاری اور بدعنوانی بھی بڑھتی رہے گی۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کیا: "ہندوستان میں نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے – اور اس کا سیدھا رشتہ 'ووٹ چوری' سے ہے۔ جب کوئی حکومت عوام کا اعتماد جیت کر اقتدار میں آتی ہے تو اس کا پہلا فرض ہوتا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار اور مواقع فراہم کرے۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی انتخابات ایمانداری سے نہیں جیتتی بلکہ "ووٹ چوری" اور اداروں کو قید کر کے اقتدار میں بنی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا: "اسی لیے بے روزگاری 45 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اسی لیے نوکریاں گھٹ رہی ہیں، بھرتی کے عمل تباہ ہو گئے ہیں اور نوجوانوں کا مستقبل اندھیرے میں دھکیلا جا رہا ہے۔ اسی لیے ہر امتحان کے پرچے افشا ہو جاتے ہیں اور ہر بھرتی بدعنوانی کی کہانیوں سے جڑی رہتی ہے۔"
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا: "ملک کا نوجوان محنت کرتا ہے، خواب دیکھتا ہے اور اپنے مستقبل کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔ لیکن مودی جی صرف اپنے پی آر، سیلیبریٹیز سے اپنی تعریفیں کروانے اور ارب پتیوں کے منافع میں مصروف ہیں۔" راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں کی امیدیں توڑنا اور انہیں مایوس کرنا اس حکومت کی پہچان بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا: "اب حالات بدل رہے ہیں۔ ہندوستان کا نوجوان سمجھ چکا ہے کہ اصل لڑائی صرف نوکریوں کی نہیں بلکہ 'ووٹ چوری' کے خلاف ہے، کیونکہ جب تک انتخابات چوری ہوتے رہیں گے، تب تک بے روزگاری اور بدعنوانی بھی بڑھتی رہے گی۔" انہوں نے دعویٰ کیا: اب نوجوان نہ نوکری کی لوٹ سہیں گے، نہ ووٹ کی چوری۔ ہندوستان کو بے روزگاری اور ووٹ چوری سے آزاد کرانا ہی سب سے بڑی حب الوطنی ہے۔