نئی دہلی
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی کو ساورکر ہتکِ عزت معاملے میں ناسک کی عدالت سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے منگل کو اس مقدمے کی پوری کارروائی باضابطہ طور پر ختم کر دی، جس کے بعد یہ معاملہ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔
کیا تھا معاملہ؟
یہ معاملہ نومبر 2022 کا ہے، جب راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے دوران واشیم اور اکولا اضلاع میں موجود تھے۔ 17 نومبر 2022 کو اکولا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ونائک دامودر ساورکر سے متعلق کچھ دستاویزات دکھاتے ہوئے سنگین الزامات لگائے تھے۔ راہل گاندھی کے اسی بیان کی بنیاد پر ناسک کے سماجی کارکن دیویندر نے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
بھوتاڑا کا الزام تھا کہ راہل گاندھی کے بیان سے ساورکر کی شبیہ کو نقصان پہنچا اور کروڑوں لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
راہل گاندھی نے کیا کہا تھا؟
کانگریس رہنما نے ساورکر کی طرف سے انگریزوں کو لکھے گئے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ “ساورکر نے خوف کی وجہ سے انگریزوں کو معافی نامہ لکھا تھا اور وہ پنشن بھی لیتے تھے۔
عدالت نے کارروائی ختم کر دی
راہل گاندھی کے وکیلوں کے مطابق ناسک کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے اس مقدمے کا آخری فیصلہ سنا دیا ہے۔ اس سے پہلے جولائی 2025 میں راہل گاندھی کو اس معاملے میں ضمانت مل گئی تھی، لیکن اب عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ اس مقدمے میں مزید کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی۔
راہل گاندھی کو بڑی راحت
ناسک عدالت کے فیصلے کے بعد راہل گاندھی اس بڑے قانونی تنازع سے مکمل طور پر آزاد ہو گئے ہیں۔ کانگریس کے رہنماؤں اور حامیوں نے اسے ایک اہم راحت قرار دیا ہے۔