مندروں کی آمدنی کا بڑا حصہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے: موہن بھاگوت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2026
مندروں کی آمدنی کا بڑا حصہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے: موہن بھاگوت
مندروں کی آمدنی کا بڑا حصہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے: موہن بھاگوت

 



لکھنو: آرایس ایس کے سرسنگھچالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ مندروں کی آمدنی کا بڑا حصہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔ وہ آر ایس ایس کے سو سال مکمل ہونے کے موقع پر لکھنؤ میں اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقدہ ایک اہم عوامی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔

اس دوران انہوں نے مختلف شعبوں سے آئے دانشوروں کے سوالات کے جواب دیے۔ لالتا پرساد مشرا کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سنگھ کی سب سے بڑی مشکل ہندو سماج ہی ہے، کیونکہ انہیں بیدار کرنے کے لیے ہمیں کافی محنت کرنی پڑ رہی ہے۔

ڈاکٹر شویتا سریواستو اور کرنل ایم کے سنگھ کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ مندروں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور اس کی باگ ڈور حکومت کے ہاتھ میں نہیں بلکہ ذمہ دار بھکتوں کے پاس ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے مندروں کے انتظام اور ان کی آمدنی کو عوامی فلاح پر خرچ کرنے کا عمل شفاف ہونا چاہیے اور کسی غیر جانبدار اور دیانتدار ادارے کی نگرانی میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنگھ اس سمت میں تیاری کر رہا ہے اور جلد ہی اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔ اس دوران دیناناتھ سریواستو نے سوال کیا کہ کیا یہ درست ہے کہ بی جے پی حکومت کو سنگھ ہی چلاتا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر اکثر پیدا ہو جاتا ہے۔ ہمارے پاس کوئی ریموٹ کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چلانا بہت مشکل کام ہے، اس لیے ہم صرف اپنا کام کرتے ہیں۔ ہاں، ہم مشورہ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کی مخالفت کرنے والے ہمیں بھی برا بھلا کہتے ہیں، لیکن اقتدار میں موجود کئی لوگ بہت اچھا کام بھی کر رہے ہیں۔ دلیپ کمار نے سوال کیا کہ بی جے پی کی حکومت بنتے ہی کچھ موقع پرست لوگ اپنے فائدے کے لیے سنگھ میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے مخلص کارکن بھی بددل ہو جاتے ہیں۔

اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو اپنے اخلاص کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کی کارکردگی کا طریقہ کار مضبوط ہے، کیونکہ سنگھ ملک کی ترقی کے لیے وقف کارکن سے صرف لیتا ہے، اسے کچھ دیتا نہیں۔ اگر موقع پرست لوگ آ بھی جائیں تو وہ زیادہ دن سنگھ میں نہیں ٹھہر پاتے، کیونکہ انہیں معلوم ہو جاتا ہے کہ یہاں سے انہیں کوئی ذاتی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔