نئی دہلی۔ ملک میں راجیہ سبھا کے آئندہ انتخابات سے قبل صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں کے عہدوں میں بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کیا ہے۔
راشٹرپتی بھون کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق تمل ناڈو کے گورنر آر این روی کو مغربی بنگال کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ سی وی آنند بوس کی جگہ لیں گے جنہوں نے جمعرات کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
انتظامی تبدیلیوں کے تحت دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وِنے کمار سکسینہ کو منتقل کر کے لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ سابق سفارت کار ترنجیت سنگھ سندھو کو دہلی کا نیا لیفٹیننٹ گورنر بنایا گیا ہے۔
دیگر اہم تبدیلیوں میں ہماچل پردیش کے گورنر شیو پرتاپ شکلہ کو تلنگانہ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما کو مہاراشٹر کا گورنر بنا دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سینئر رہنما نند کشور یادو کو ناگالینڈ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین کو بہار کا گورنر نامزد کیا گیا ہے۔
لداخ کے سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کیرالہ کے گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر کو تمل ناڈو کے گورنر کے اضافی فرائض بھی سونپے گئے ہیں۔
راشٹرپتی بھون کے مطابق یہ تمام تقرریاں اسی تاریخ سے مؤثر ہوں گی جب متعلقہ افراد اپنے اپنے عہدوں کا باضابطہ چارج سنبھالیں گے۔
دوسری جانب دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی کے نئے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وسیع سفارتی تجربے سے دہلی کو بڑا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی کے عوام کو ان کے تجربے سے فائدہ پہنچے گا اور ان کی رہنمائی میں دارالحکومت کی ترقی اور عوامی فلاح کے کام جاری رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے سابق لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں دارالحکومت کی ترقی کے لیے سنجیدگی اور آئینی اصولوں کے مطابق خدمات انجام دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے انہیں لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔