نئی دہلی: مرکزی قانون ساز اسمبلی کی 1924 سے 1930 کے درمیان ہونے والی 407 نشستوں کی کارروائی پر مشتمل ایک اشاعتی مجموعہ اور دہلی اسمبلی کے سہ ماہی جریدے ’’ودھان چیتنا‘‘ کا اجرا اس ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔ حکام نے منگل کے روز یہ جانکاری دی۔
دہلی ودھان سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، برطانوی دور کی مرکزی قانون ساز اسمبلی کی کارروائی پر مشتمل 89 جلدوں پر مبنی یہ اشاعت اور سہ ماہی جریدہ 28 مئی کو ایک تقریب میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کی موجودگی میں جاری کیے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ 30 جنوری 1924 سے 18 جولائی 1930 تک مرکزی قانون ساز اسمبلی کی تمام 407 نشستوں کی منظم تدوین اور اشاعت، ہندوستان کی پارلیمانی تاریخ کے بنیادی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کی سمت میں دہلی ودھان سبھا سکریٹریٹ کی ایک اہم کوشش ہے۔ دہلی ودھان سبھا کے اسپیکر وجیندر گپتا کی رہنمائی میں تیار کی گئی اس اشاعت میں 32,376 صفحات پر مشتمل مرکزی قانون ساز اسمبلی کی مکمل کارروائی جمع کی گئی ہے۔
اصل شکل میں محفوظ ان جلدوں میں اُس دور کی کئی اہم بحثیں درج ہیں اور ان میں پنڈت مدن موہن مالویہ، پنڈت موتی لال نہرو، لالا لاجپت رائے، بپن چندر پال، مادھو شری ہری انے، گھنی شیام داس برلا اور دیگر اہم شخصیات کی ہزاروں تقاریر شامل ہیں۔