نئی دہلی/ آواز دی وائس
ای ڈی نے 260 کروڑ روپے کے گلوبل سائبر فراڈ معاملے میں بدھ کے روز دہلی، نوئیڈا، گڑگاؤں اور دہرہ دون سمیت 12 سے زیادہ مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ یہ کارروائی سی بی آئی اور دہلی پولیس کی ایف آئی آر کے بنیاد پر پی ایم ایل اے کے تحت کی گئی۔
تحقیقات ایجنسیوں کے مطابق، ملزمان خود کو پولیس یا تحقیقاتی افسر بتا کر غیر ملکی اور ہندوستانی شہریوں سے دھوکہ دہی کرتے تھے۔ کچھ معاملات میں مائیکروسافٹ اور ایمیزون کے ٹیک سپورٹ کے طور پر بھی فراڈ کیا گیا۔ متاثرین سے لوٹی گئی رقم کو کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرکے ملزمان تک پہنچایا جاتا تھا۔
ای ڈی کی جانچ میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے بٹ کوائن کی شکل میں تقریباً 260 کروڑ روپے اکٹھے کیے۔ ان بٹ کوائنز کو یو ایس ڈی ٹی میں بدل کر حوالہ آپریٹرز کے ذریعے یو اے ای میں نقد میں تبدیل کیا گیا۔ یہ معاملہ ایک بین الاقوامی سطح پر پھیلے سائبر کرائم نیٹ ورک سے جڑا ہوا ہے، جس میں تکنیکی اور مالی دھوکہ دہی کے کئی پہلو سامنے آئے ہیں۔