لداخ تشدد: سونم وانگچک گرفتار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-09-2025
لداخ تشدد: سونم وانگچک گرفتار
لداخ تشدد: سونم وانگچک گرفتار

 



لیہ/ آواز دی وائس
لیہ-لداخ میں حالیہ دنوں ہونے والے پرتشدد احتجاج کے معاملے میں بڑا ایکشن لیا گیا ہے۔ اس تشدد کے دو دن بعد معروف ماہرِ ماحولیات سونم وانگچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس تشدد میں 4 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 70 زخمی ہوئے تھے۔ گذشتہ دنوں ہوئے اس پرتشدد مظاہرے میں مشتعل افراد نے لداخ میں شدید توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی تھی۔ مظاہرین نے بی جے پی دفتر کو بھی نذر آتش کر دیا تھا۔
وانگچک کے این جی او کا غیر ملکی فنڈنگ لائسنس منسوخ
اس تشدد کے بعد جمعرات کو مرکزی حکومت نے لداخ کے ایکٹوسٹ سونم وانگچک کے این جی او اسٹوڈنٹس ایجوکیشن اینڈ کلچرل موومنٹ آف لداخ کو ملنے والے غیر ملکی فنڈنگ کے لائسنس کو منسوخ کر دیا۔ اب سونم وانگچک کو باضابطہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وانگچک کے این جی او کا رجسٹریشن بھی منسوخ
حکومت نے شام کو وانگچک کے اس این جی او کو ملا ایف سی آر اے رجسٹریشن بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وانگچک پر بار بار این جی او کے لیے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے والے قانون کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہ قدم لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے پر طلبہ کے پرتشدد احتجاج کے 24 گھنٹے بعد اٹھایا گیا۔
لداخ تشدد پر وانگچک کا ردعمل ، الزامات بے بنیاد
لداخ کی پرتشدد صورتحال کے درمیان وانگچک نے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کا ہے۔" ساتھ ہی انہوں نے سازش کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
حکومت کے الزامات پر وانگچک نے کہا: "یہ مجھے بچکانہ لگا کہ یہاں لوگوں کی موتیں ہوئی ہیں اور ہم الزام تراشی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ ابھی ہمارے آنسو بھی نہیں سوکھے، یہ غم کا وقت ہے۔ یہ صرف چالاکی ہے۔ اصل مسئلے کی جڑ تک پہنچ کر حل نکالنا ضروری ہے، ورنہ نوجوان مزید غصے میں آئیں گے۔ مجھ پر لگے الزامات کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔
لیہ-لداخ میں کیوں بھڑکی تھی ہنگامہ آرائی؟
قابل ذکر ہے کہ وانگچک کافی عرصے سے لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ اور چھٹی فہرست میں شمولیت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کی تحریک 10 ستمبر سے دوبارہ زور پکڑ رہی تھی۔ وانگچک طویل عرصے سے انشن پر تھے اور بدھ کو یہاں تشدد بھڑک اٹھا۔
کون ہیں سونم وانگچک؟
سونم وانگچک لداخ کے ایک معروف انجینئر، استاد اور ماہرِ ماحولیات ہیں۔ ان کی پیدائش 1 ستمبر 1966 کو لداخ میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام سونم وانگیال اور والدہ کا نام شیئرنگ ہے۔ انہوں نے این آئی ٹی سری نگر سے مکینیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد تعلیم اور ماحولیات کے تحفظ کے میدان میں اپنی جدوجہد کا آغاز کیا۔