دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر بڑا حادثہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-12-2025
دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر بڑا حادثہ
دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر بڑا حادثہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقے آج صبح گھنے کہرے کی لپیٹ میں رہے۔ اس گھنے کہرے نے ہر قسم کے آمد و رفت کے نظام کو شدید طور پر متاثر کیا۔ موسم کے اس پہلے کہرے کے باعث پیر کے روز دہلی–ممبئی ایکسپریس وے پر یکے بعد دیگرے 25 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ان حادثات میں چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ تقریباً 20 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ موصولہ معلومات کے مطابق ان حادثات کی بڑی وجہ امرود بتائے جا رہے ہیں۔ ایک ٹرک کے الٹ جانے کے بعد اس میں لدا ہوا امرود سڑک پر پھیل گیا تھا۔
حادثہ کب اور کیسے پیش آیا
دستیاب معلومات کے مطابق موسم کے پہلے گھنے کہرے کے باعث یہ حادثات پیر کی علی الصبح تقریباً پانچ بجے دہلی–ممبئی ایکسپریس وے پر پیش آئے۔ گھنے کہرے کی وجہ سے ایکسپریس وے پر حدِ نگاہ انتہائی کم تھی، جس کے باعث ایک کے بعد ایک تقریباً 25 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس دردناک حادثے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ تقریباً 20 افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کی شروعات دو اوورلوڈ ڈمپرز کے آپس میں ٹکرانے سے ہوئی۔ ٹکر کے فوراً بعد پیچھے سے آ رہا امرود سے بھرا ایک ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ ٹرک کے الٹتے ہی بڑی مقدار میں امرود سڑک پر پھیل گئے، جس سے وہاں پھسلن اور افراتفری پھیل گئی۔ کہرے اور سڑک پر بکھرے پھلوں کے باعث پیچھے سے آنے والی گاڑیاں وقت پر بریک نہ لگا سکیں، جس کے نتیجے میں لگاتار کئی گاڑیاں اس حادثے کا شکار ہو گئیں۔