گزارہ بھتہ کیس:حسین جہاں کو کرکٹر محمد شامی سے ماہانہ چار لاکھ روپے سے زیادہ چاہئے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2025
گزارہ بھتہ کیس:حسین جہاں کو کرکٹر محمد شامی سے ماہانہ چار لاکھ روپے سے زیادہ چاہئے
گزارہ بھتہ کیس:حسین جہاں کو کرکٹر محمد شامی سے ماہانہ چار لاکھ روپے سے زیادہ چاہئے

 



کولکاتہ: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ممتاز فاسٹ باؤلر محمد شامی اور ان کی علیحدہ رہنے والی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان گزشتہ چھ برسوں سے ایک شدید قانونی کشمکش جاری ہے۔ اب کلکتہ ہائی کورٹ نے اس طویل عرصے سے چلتے مقدمے میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے محمد شامی کو حکم دیا ہے کہ وہ ہر ماہ اپنی اہلیہ حسین جہاں اور بیٹی کے لیے مجموعی طور پر چار لاکھ روپے بطور گزارہ الاؤنس ادا کریں۔

اس فیصلے کے مطابق شامی کو اپنی اہلیہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور بیٹی کو ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ دینا ہوں گے۔ حسین جہاں نے اس عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، تاہم ان کے بقول یہ رقم محمد شامی کی آمدنی اور طرزِ زندگی کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مینٹیننس یعنی گزارہ الاؤنس کا تعین شوہر کی مالی حیثیت اور زندگی کے معیار کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ کا بھی واضح حکم ہے کہ شوہر جیسی زندگی گزارے گا، اسی معیار کی زندگی اس کی بیوی اور بیٹی کو بھی ملنی چاہیے۔ حسین نے یاد دلایا کہ انہوں نے ساڑھے سات برس قبل دس لاکھ روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس کا مطالبہ کیا تھا، اور اب جبکہ مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، تو یہ رقم مزید ناکافی ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اس معاملے کو دوبارہ عدالت میں اٹھائیں گی۔

انہوں نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک بڑی قانونی اور اخلاقی فتح قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف ان کے حق میں آیا ہے بلکہ مستقبل کی جدوجہد کے لیے راہیں بھی ہموار کرتا ہے۔ حسین جہاں نے عدالت اور اپنے وکیل امتِیاز بھائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس جدوجہد کو صرف اپنے لیے نہیں بلکہ اپنی بیٹی کے بہتر مستقبل کے لیے بھی جاری رکھیں گی۔

یاد رہے کہ حسین جہاں خود ایک ماڈل رہی ہیں۔ انہوں نے کئی اشتہاری فلموں میں کام کیا ہے اور بنگالی فلم انڈسٹری میں بھی اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی سرگرم رہتی ہیں۔ ان کی اور محمد شامی کی شادی 2014 میں ہوئی تھی، جس سے ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ تاہم، 2018 میں دونوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے اور وہ علیحدہ ہو گئے۔ اگرچہ دونوں اب بھی قانونی طور پر میاں بیوی ہیں، لیکن طلاق کا مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

یہ تنازع محمد شامی کی ذاتی زندگی کا ایک اہم باب بن چکا ہے، جو وقتاً فوقتاً عوامی اور عدالتی حلقوں میں موضوعِ بحث بنتا رہا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے سے حسین جہاں کو وقتی ریلیف تو ملا ہے، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ قضیہ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور آئندہ دنوں میں اس میں مزید قانونی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔