ممبئی:شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بدھ کے روز اپنے کزن اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کی بات چیت کے دوران ٹھاکرے خاندان نے ان سے ملاقات کی۔
دونوں جماعتوں کے سربراہان اور ان کے لیڈران کے درمیان راج ٹھاکرے کی رہائش گاہ ’شِوتیِرتھ‘ پر میٹنگ جاری ہے۔ دونوں کزن بھائیوں کے درمیان یہ دوسری عوامی ملاقات ہے۔ اس سے قبل ادھو گنیش اُتسو کے موقع پر شِوتیِرتھ گئے تھے۔
مہاراشٹر حکومت کی طرف سے جماعت 1 سے 5 تک کے طلبہ کے لیے سہ لسانی فارمولہ اور ریاست میں ہندی تھوپنے سے متعلق اپنے متنازعہ سرکاری حکم نامے کو واپس لینے کے بعد، دونوں نے 5 جولائی کو ایک پلیٹ فارم شیئر کیا تھا۔
راج ٹھاکرے پچھلے جولائی میں ہی ادھو کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے باندرہ میں واقع ان کی رہائش ’ماتوشری‘ گئے تھے۔ اگرچہ ابھی تک ادھو اور راج کی جماعتوں کے درمیان کسی بھی طرح کے اتحاد کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن دونوں جماعتوں نے اشارے دیے ہیں کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ساتھ آ سکتے ہیں۔
اگر ایسا ہوا تو ان کا اصل مقابلہ بی جے پی سے ہوگا۔ اگرچہ راج ٹھاکرے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے درمیان اچھے تعلقات مانے جاتے ہیں، لیکن سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ ایسے میں دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آنے والے وقت میں مہاراشٹر کی سیاست کس رخ پر جاتی ہے۔