ممبئی: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے ممبئی سے متصل کرجت میں تیار کی جا رہی ایک ٹاؤن شپ پروجیکٹ پر سنگین اعتراض ظاہر کیا ہے۔ کمیشن کو ملی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ ٹاؤن شپ صرف ایک ہی مذہب (مسلم کمیونٹی) کے لیے حلال لائف اسٹائل ٹاؤن شپ کے نام سے پروموٹ کی جا رہی ہے۔
شکایت کنندہ نے اسے مذہبی بنیاد پر تقسیم اور فرقہ وارانہ علیحدگی کو بڑھاوا دینے والا پروجیکٹ قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ یہ آئین میں درج مساوات اور امتیاز سے پاک رہنے کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ سکیورٹی اور سماجی نقطۂ نظر سے بھی اس پروجیکٹ پر تشویش ظاہر کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ "انتہا پسندانہ گیٹوائزیشن" کا مرکز بن سکتا ہے۔
کمیشن نے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ مانتے ہوئے مہاراشٹر حکومت کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی ہدایت دی گئی ہے کہ شکایت کی گہرائی سے جانچ کی جائے اور 2 ہفتوں کے اندر ایکشن ٹیکن رپورٹ کمیشن کو سونپی جائے۔ یہ بھی واضح کیا جائے کہ ریرا (ممبئی، مہاراشٹر) نے مذہبی بنیاد پر اس پروجیکٹ کو لائسنس/اجازت کیسے فراہم کی، اور رپورٹ کی ایک کاپی کمیشن کو ای میل کے ذریعہ بھی بھیجی جائے۔
انسانی حقوق کمیشن کی بینچ، جس کی صدارت رکن پریانک کانونگو کر رہے ہیں، نے اسے انسانی حقوق کے تحفظ ایکٹ، 1993 کی دفعہ 12 کے تحت نوٹس میں لیا ہے۔ واضح رہے کہ کمیشن کے سامنے درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ ٹاؤن شپ خاص طور پر مسلم کمیونٹی کے لیے پروموٹ اور تیار کی جا رہی ہے۔
یہ فرقہ وارانہ علیحدگی (Communal Segregation) کو بڑھاوا دیتی ہے اور آئین میں مساوات و امتیاز مخالف دفعات کی خلاف ورزی ہے۔ شکایت کنندہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کا پروجیکٹ نہ صرف سماجی اور آئینی معیار کے منافی ہے بلکہ سکیورٹی اور سماجی نقطۂ نظر سے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ الزام یہ ہے کہ یہ علاقہ مستقبل میں انتہا پسندی کے مرکز میں تبدیل ہو سکتا ہے۔