ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بدھ کو کہا کہ ریاست زمین اور جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اس کا مقصد زمین کے ریکارڈ تک آسان رسائی اور ان کے جائزے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ’مہاراشٹر ڈیجیٹلائزیشن اینڈ لینڈ ٹوکن ایسٹ ایکسچینج ایکٹ‘ ریاستی حکومت کا مجوزہ قانون ہے۔
اسے ’ڈیلٹا ایکٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد بلاک چین پر مبنی زمین اور غیر منقولہ جائیداد کو ڈیجیٹل شکل (ٹوکن میں تبدیل) دینے کے لیے ہندوستان میں پہلا قانونی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ یہاں ’گلوبل فن ٹیک فیسٹ‘ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ ممبئی ملک کا مالیاتی اور ساتھ ہی مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) دارالحکومت ہے، جبکہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل لین دین کی مارکیٹ کے طور پر ابھرا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’عام آدمی کی مالیاتی اداروں اور قرض فراہم کرنے والے اداروں تک رسائی آسان ہوئی ہے۔ لوگوں کو ہر طرح کی مالیاتی خدمات دستیاب ہیں۔‘‘ جے ایف ایف (جیو فائنانس فورم) میں کیے گئے اپنے اعلان کو دہراتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر نے پہلا ’’ٹوکن پر مبنی ریاست‘‘ بننے کا ہدف مقرر کیا تھا اور گزشتہ ایک سال کے دوران اس سمت میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہم نے ڈیلٹا ایکٹ تیار کرلیا ہے۔ اب قانون کا مکمل جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔‘‘ فڑنویس نے کہا کہ قانون بننے کے بعد عام شہری بھی اپنی زمین اور دیگر جائیداد کی قدر حاصل کرکے اس کے ذریعے نقد رقم حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی اور آن لائن ادائیگی کے مختلف ذرائع، جن میں اے ٹی ایم، ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ شامل ہیں، ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب بڑھتی تبدیلی کو تیز کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہم اس پہل کے ذریعے مہاراشٹر کو اگلے درجے تک لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔