مہاراشٹر:گنپتی وسرجن کے لئے میلادالنبی کاجلوس موخر،تعطیل کا مطالبہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
مہاراشٹر:گنپتی وسرجن کے لئے میلادالنبی کاجلوس موخر،تعطیل کا مطالبہ
مہاراشٹر:گنپتی وسرجن کے لئے میلادالنبی کاجلوس موخر،تعطیل کا مطالبہ

 



ممبئی:مہاراشٹر میں 8 ستمبر کو عید میلاد النبیؐ کا جلوس نکالا جائے گا۔ دراصل، 6 ستمبر کو اننت چترتھی پر گنپتی وسرجن کے سبب مسلم برادری نے جلوس کی تاریخ بدل دی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رہنما ابو عاصم اعظمی نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے درخواست کی ہے کہ 8 ستمبر کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

مسلم برادری نے اس سال اپنے مرکزی جلوس کو روایتی تاریخ سے بدل کر 8 ستمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر عید میلاد النبیؐ، جو پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت کی یاد میں منائی جاتی ہے، اس سال 5 ستمبر کو آ رہی ہے۔

مرکزی جلوس 6 ستمبر کو نکلنا تھا، لیکن اُسی دن (اننت چترتھی) گنیش وسرجن بھی ہونے کے سبب، منتظم ادارہ آل انڈیا خلافت کمیٹی نے جلوس کو ملتوی کرکے 8 ستمبر کو نکالنے کا فیصلہ کیا، تاکہ دونوں تہوار امن اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہو سکیں۔

ابو اعظمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا:اس سال 6 ستمبر کو گنیش وسرجن اور عید میلاد کا جلوس ایک ساتھ پڑ رہا ہے۔ ہندو مسلم اتحاد اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے مسلم برادری نے یہ فیصلہ کیا کہ مرکزی جلوس 8 ستمبر کو نکالا جائے، لیکن ابھی تک حکومت نے اس دن کو عام تعطیل قرار نہیں دیا ہے۔ میں وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ 8 ستمبر کو سرکاری چھٹی کا اعلان کرکے مسلم سماج کے جذبات کا احترام کریں۔

اس بار کا انعقاد خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی 1500 ویں سالگرہ ہے۔ آل انڈیا خلافت کمیٹی کے صدر سرفراز ارزو نے کہا:لگاتار تیسرے سال عید میلاد اور گنیش وسرجن ایک ہی دن پڑ رہے ہیں۔ پچھلی بار کی طرح اس بار بھی ہم نے جلوس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی کو پریشانی نہ ہو۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت اس کو دیکھتے ہوئے 8 ستمبر کو چھٹی کا اعلان کرے گی۔