ممبئی: مہاراشٹر میں مقامی بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے منگل کے روز بتایا کہ 246 نگر پریشدوں اور 42 نگر پنچایتوں میں 2 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو کی جائے گی۔
انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ علاقوں میں ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ واگھمارے نے مزید بتایا کہ ان انتخابات میں 6,859 ارکان اور 288 صدور (چیئرمین) کے عہدوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ اس بار ووٹنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (EVMs) کے ذریعے کرائی جائے گی۔ ریاست میں کل 1.7 کروڑ اہل ووٹر ہیں، جن میں 53,79,931 مرد، 53,22,870 خواتین اور 775 دیگر ووٹر شامل ہیں۔
ووٹنگ کے لیے 13,355 پولنگ مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ کل وارڈوں کی تعداد 3,820 ہوگی۔ ان میں سے 3,492 نشستیں خواتین کے لیے، 895 درج فہرست ذات (شیڈیولڈ کاسٹ) کے لیے، 338 درج فہرست قبائل (شیڈیولڈ ٹرائب) کے لیے اور 1,821 دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے محفوظ کی گئی ہیں۔