پونے: آواز بیورو
مہاراشٹر میں رواں برس ایک منفرد اور ہم آہنگی پر مبنی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ریاست بھر میں عید میلادالنبیؐ کے جلوس رضاکارانہ طور پر مؤخر کر دیے گئے تاکہ گنپتی وسرجن اور عید میلادالنبیؐ دونوں تہوار امن و سکون کے ساتھ منائے جا سکیں۔ یہ فیصلہ ایک مرتبہ پھر ریاست میں مذہبی یکجہتی کی دیرینہ روایت کو اجاگر کرتا ہے۔
عید میلادالنبیؐ، جو حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت کی خوشی میں منایا جاتا ہے، اس سال 5 ستمبر کو تھا، جبکہ گنپتی وسرجن کا مرکزی پروگرام 6 ستمبر کو منعقد ہوا۔ دونوں بڑے جلوس متواتر دنوں میں پڑنے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ پر زبردست دباؤ بڑھنے کا خدشہ تھا۔ اسی پس منظر میں ریاست بھر کی مسلم برادریوں نے اپنے جلوس مؤخر کر کے قابلِ ستائش مثال قائم کی۔
ناندیڑ
مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑ کے قصبہ ماہور میں مسلم برادری نے فیصلہ کیا کہ عید میلادالنبیؐ کا جلوس 6 ستمبر کے بجائے 10 ستمبر کو نکالا جائے گا تاکہ گنپتی وسرجن اور میلاد دونوں پرامن طور پر منعقد ہوں۔ اس فیصلے کی باضابطہ اطلاع ماہور پولیس اسٹیشن کو دی گئی جسے پولیس انسپکٹر گنیش کراد نے خوش آئند اور سماجی شعور کا مظہر قرار دیا۔میونسپل صدر فیروز دو سانی نے کہا کہ یہ فیصلہ شہر میں اتحاد، امن، محبت، حب الوطنی، یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے نہایت لائقِ تحسین ہے۔یہ فیصلہ ایک اجلاس میں متفقہ طور پر لیا گیا جس میں فیروز دو سانی، غوثیہ مسجد کے سربراہ ضمیر ملناس، اور دیگر مقامی رہنما شامل تھے۔
جلگاؤں
جلگاؤں میں سنی مسلم برادری نے اعلان کیا کہ میلادالنبیؐ کا جلوس 8 ستمبر کو نکالا جائے گا۔ اس فیصلے کی اطلاع ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر مہیشور ریڈی کو دی گئی۔ اس موقع پر مرکزی جلوس کمیٹی اور سنی جماعت کے مختلف رہنماؤں نے شرکت کی۔
واشم
ضلع واشم کے قصبہ ریسود میں بھی 5 ستمبر کے بجائے 8 ستمبر کو جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ پولیس اسٹیشن میں مسلم علما اور معزز شہریوں کی موجودگی میں ہوا۔ یہاں کی برادری اس سے قبل بھی ایسے مواقع پر تنازعہ سے بچنے کے لیے پیش قدمی کرتی رہی ہے۔
چاکن
پونے ضلع کے صنعتی قصبے چاکن میں بھی مسلم برادری نے فیصلہ کیا کہ جلوس 5 ستمبر کے بجائے 8 ستمبر کو نکالا جائے۔ اس موقع پر پولیس نے دونوں برادریوں سے پرامن طریقے سے جشن منانے کی اپیل کی۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے علاقے میں فلیگ مارچ بھی کیا۔
جنر
جنر تعلقہ کے مختلف علاقوں جیسے نرائن گاؤں، ورلواڑی، اروی اور پمپلگاؤں میں میلادالنبیؐ کے جلوس کو 5 ستمبر کے بجائے 7 ستمبر تک مؤخر کر دیا گیا تاکہ پولیس پر دباؤ کم ہو اور امن قائم رہے۔
اکولہ
اکولہ میں میلادالنبیؐ کا جلوس تین دن مؤخر کر کے 9 ستمبر کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ دونوں برادریاں ایک دوسرے کے جلوسوں کا خیرمقدم کریں گی۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب مسلم برادری نے یہ قدم اٹھایا۔ خصوصی طور پر اعلان کیا گیا کہ گنپتی جلوس کمیٹی اور میلاد کمیٹی ایک دوسرے کو اعزاز پیش کریں گے۔
پونے
پونے میں بھی میلادالنبیؐ کا جلوس 5 ستمبر کے بجائے 8 ستمبر کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سماجی کارکن انور شیخ نے کہااگر دونوں جلوس ایک ہی دن نکلتے تو تنازعہ کا امکان تھا۔ اس لیے ہم نے جلوس مؤخر کیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو اور انتظامیہ پر بھی بوجھ نہ بڑھے
ممبئی ۔نوی ممبئی
نوی ممبئی کی مسلم برادری نے بھی عید میلادالنبیؐ کا جلوس 5 ستمبر کے بجائے 8 ستمبر کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب ایسا کیا گیا۔ امام محمد خلیل اللہ سبحانی نے کہامیلادالنبیؐ ہمارے لیے مقدس دن ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے امن اور دوسرے مذاہب کے احترام کی تعلیم دی ہے۔ ہمارے ہندو بھائیوں کے سب سے بڑے تہوار گنیشوتسو کی خوشی میں خلل نہ آئے، یہی ہماری خواہش ہے۔انہوں نے مزید کہ ہم نے اس مرتبہ جلوس کو تین دن مؤخر کیا تاکہ پولیس پر کوئی اضافی دباؤ نہ پڑے۔
یہ فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ مہاراشٹر کی مسلم برادری نے مذہبی یکجہتی اور بھائی چارے کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے، جو ریاست کی گہری بین المذاہب ہم آہنگی کی روایت کو مزید مضبوط کرتی ہے۔