ممبئی: ممبئی پولیس نے کارکن منوج جرنگے کی قیادت میں جاری مراٹھا ریزرویشن تحریک کے پیش نظر اپنے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ ایک افسر نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ ہزاروں مراٹھا ریزرویشن حامی جرنگے کی حمایت میں، جو آزاد میدان میں بھوک ہڑتال شروع کرنے والے ہیں، جنوبی ممبئی میں جمع ہوئے ہیں۔
پولیس نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے 2000 سے زیادہ اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔ افسر نے بتایا کہ شہر میں قانون و نظم قائم رکھنے کے لیے تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں فوراً ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جمعہ سے ہی ممبئی کی سڑکوں اور چھترپتی شواجی مہاراج ٹرمنس (CSMT) پر بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ اس دوران شہر میں 10 روزہ گنیش اتسو بھی جاری ہے۔
اسی دوران تحریک کے سبب CSMT اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک مکمل طور پر مفلوج ہوگیا۔ پولیس مظاہرین کو راستہ خالی کرانے کے لیے سخت کوشش کرتی رہی۔ مظاہرین کو جنوبی ممبئی کے اہم چوراہوں پر جمع ہوتے دیکھا گیا، جس سے صبح کے مصروف اوقات میں ٹریفک جام ہوگیا
۔ قانون و نظم برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF)، مرکزی صنعتی سلامتی فورس (CISF) اور ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کے جوانوں کی بھی بڑی تعداد میں تعیناتی کی گئی۔