مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ فڑنویس کی وارننگ: ایندھن کی بلیک مارکیٹنگ پر سخت کاروائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ فڑنویس کی وارننگ: ایندھن کی بلیک مارکیٹنگ پر سخت کاروائی
مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ فڑنویس کی وارننگ: ایندھن کی بلیک مارکیٹنگ پر سخت کاروائی

 



شِردی: مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ہفتے کے روز کہا کہ دیہی علاقوں میں ایندھن کی دستیابی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ کسانوں کو ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کسانوں کے نام پر ایندھن کی بلیک مارکیٹنگ کے معاملات سامنے آئے ہیں اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کے مطابق ریاست کے بعض حصوں میں ایندھن کی فروخت میں اچانک 20 سے 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ایک دفاعی اور خلائی کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے شِردی پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی کمی کی شکایات کے بعد تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ جہاں ضرورت ہو وہاں کسانوں کو ڈیزل فوری طور پر فراہم کیا جائے۔

ان کے مطابق، “دیہی علاقوں میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی میں مسائل ہیں، اسی لیے میں نے تمام ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ کسانوں کو ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے باعث سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشے اور خوف کے نتیجے میں لوگوں نے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے، جس سے ایندھن کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

مہاراشٹر میں مئی کے پہلے پندرہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے شِردی میں وندے بھارت ٹرین سے سفر کے تجربے کو بھی سراہا اور اسے ایک خوشگوار اور جدید سہولت قرار دیا۔