مہا راشٹر:فصل بیمہ اعداد و شمار میں بڑا تضاد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2026
مہا راشٹر:فصل بیمہ اعداد و شمار میں بڑا تضاد
مہا راشٹر:فصل بیمہ اعداد و شمار میں بڑا تضاد

 



ممبئی: مہاراشٹر کے محکمہ زراعت کی جانب سے ریاستی اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں فصل بیمہ اسکیم سے متعلق مالی اعداد و شمار پر مبنی تحریری جوابات میں نمایاں تضاد سامنے آیا ہے، جس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ وزیر زراعت دتا ترے بھرنے نے اسمبلی کو بتایا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت بیمہ کمپنیوں نے تقریباً 6,944.11 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا، جبکہ قانون ساز کونسل میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں اسی سے ملتے جلتے عرصے کے لیے یہ منافع 8,516.97 کروڑ روپے بتایا گیا، یعنی دونوں اعداد و شمار میں 1,500 کروڑ روپے سے زائد کا فرق ہے۔

یہ متضاد اعداد و شمار فصل بیمہ اسکیم کے نفاذ اور بیمہ کمپنیوں کی مالی صورتحال سے متعلق الگ الگ سوالات کے تحریری جوابات میں سامنے آئے۔ قانون ساز کونسل میں وزیر نے بتایا کہ 2016 سے 2024-25 کے دوران بیمہ کمپنیوں کو مجموعی طور پر 52,563.22 کروڑ روپے کا پریمیم ملا، جبکہ کسانوں کو 37,625.69 کروڑ روپے بطور معاوضہ ادا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 سے ریاستی حکومت نے بیمہ کمپنیوں کے منافع کی حد مجموعی پریمیم کے 20 فیصد تک مقرر کر دی، جس کے بعد کمپنیوں نے 8,516.97 کروڑ روپے خالص منافع کمایا اور اضافی پریمیم کی مد میں 5,583.03 کروڑ روپے حکومت کو واپس کیے۔

دوسری جانب، گزشتہ جمعرات کو اسمبلی میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2016 سے 2025-26 کے دوران بیمہ کمپنیوں کو 55,426 کروڑ روپے پریمیم ملا، جبکہ کسانوں کو 39,918.55 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا گیا۔ اسی جواب میں دعویٰ کیا گیا کہ منافع کی حد نافذ ہونے کے بعد کمپنیوں کا خالص منافع 6,944.11 کروڑ روپے رہا، جبکہ انہوں نے 5,583.03 کروڑ روپے اضافی پریمیم کی صورت میں حکومت کو واپس کیے۔ دونوں تحریری جوابات میں جاری خریف سیزن کے معاوضوں کے اعداد و شمار بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

تاہم دونوں ایوانوں میں پیش کیے گئے جوابات میں اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ فصل بیمہ کے دعووں کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق شکایات کسی حد تک درست ہیں۔ اس سلسلے میں تحصیل، ضلع، ڈویژن اور ریاستی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ مزید کہا گیا کہ مرکزی حکومت کے ٹینڈر کے ذریعے منتخب کی گئی بیمہ کمپنیاں اسکیم کے قواعد کے مطابق ری انشورنس (دوبارہ بیمہ) کا انتظام بھی کرتی ہیں۔