مہارشٹرا۔آج رات 8 بجے سے آئندہ 15 دنوں تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2021
مہاراشٹر میں ہاہا کار
مہاراشٹر میں ہاہا کار

 

 

بے قابو ہوتے کورونا انفیکشن کے درمیان ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بدھ کی رات 8 بجے سے آئندہ 15 دنوں تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وزیر اعلیٰ ریاست میں کچھ دنوں کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کر سکتے ہیں، لیکن فی الحال ایسا قدم نہیں اتھایا گیا ہے۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ نے دفعہ 144 کے نفاذ پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس دوران کئی چیزوں پر مکمل پابندی رہےگی جب کہ کچھ ضروری خدمات کو اس سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے مقصد سے اٹھائے گئے تازہ قدم کو ’بریک دی چین‘ نام دیا ہے۔ منگل کی شب ’بریک دی چین‘ مہم کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بے وجہ لوگوں کی آمد و رفت پر پوری طرح سے پابندی رہے گی اور اس کے ساتھ ہی ریاست کے سبھی دفاتر کو بند کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ ریاست میں تعمیراتی سرگرمیاں اس فیصلے کے بعد ٹھپ ہو جائیں گی، لیکن وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان بھی کر دیا ہے کہ تعمیراتی کاموں میں لگے مزدوروں کو 1500 روپے دیے جائیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 12 لاکھ مزدوروں کو 1500 روپے کی مدد دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پرمٹ والے رکشہ ڈرائیوروں کو بھی 1500-1500 روپے کی معاشی مدد دیے جانے کا اعلان ادھو ٹھاکرے نے کیا ہے۔