پٹنہ/ آواز دی وائس
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے سامنے مدرسہ اساتذہ نے زبردست ہنگامہ کیا۔ یہ واقعہ پٹنہ کے باپو سبھاگاہ کا ہے۔ سی ایم نتیش کمار یہاں اقلیتوں سے گفتگو کرنے اور اپنی حکومت کے کاموں سے انہیں آگاہ کرانے پہنچے تھے۔ اسی دوران مدرسہ اساتذہ نے اپنی مانگوں کو لے کر شور شرابہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار مدرسہ بورڈ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر پہنچے تھے۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں مسلم سماج کے لوگ موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ایم نتیش کمار نے کہا کہ پہلے کی حکومت میں کوئی کام نہیں ہوتا تھا۔ 2005 سے پہلے مسلمانوں کا حال تو اور بھی برا تھا۔ ہماری حکومت آئی تو ہم نے قبرستان کی گھیرابندی کرائی۔ ہماری حکومت نے مدرسہ کے اساتذہ کو سرکاری اساتذہ جتنا ہی تنخواہ دینا شروع کیا۔ پہلی بار ہم نے برابری کی تنخواہ کا آغاز کیا۔
سی ایم نتیش کمار نے کہا کہ 1989 میں بھاگلپور میں دنگا ہوا تھا لیکن اُس وقت کی حکومت نے اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔ جب ہماری حکومت بنی تو ہم نے اس معاملے کی جانچ کرائی، کارروائی کی اور مجرموں کو سزا دلائی۔ مسلم متاثرین کو ہم نے معاوضہ بھی دیا۔ ہماری حکومت نے مسلم خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کیا ہے۔