مدھیہ پردیش:15شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن گرفتار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2022
مدھیہ پردیش:15شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن گرفتار
مدھیہ پردیش:15شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن گرفتار

 

 

بھوپال: مدھیہ پردیش کی بھوپال پولس کی کرائم برانچ نے لٹیری دلہن کو گرفتار کیا ہے۔ کبھی وہ ریا بن کر اور کبھی پوجا اور سیما بن کر شادی کرتی تھی۔ اس کی گرفتاری سے جو انکشافات ہوئے ہیں وہ چونکا دینے والے ہیں۔ اس کا اصل نام سیما بتایا جا رہا ہے۔ وہ چار بچوں کی ماں ہے اور کم از کم 15 لوگوں کو دھوکہ دے چکی ہے۔

اس نے ان سے شادی کی اور آٹھ دن میں نقدی اور زیورات لے کر غائب ہو گئی۔ پولیس کے مطابق سیما دو سال سے فرار تھی۔ اس نے دو سال قبل 85 ہزار روپے لے کر ایک نوجوان سے شادی کی تھی۔ دس دن کے اندر وہ بہانہ بنا کر گھر واپس آگئی۔

پولیس پہلے ہی لٹیری دلہن گینگ کے آٹھ ارکان کو گرفتار کر چکی ہے۔ یہ خاتون ٹھگ نام اور پتے بدل کر بھوپال میں رہ رہی تھی۔ سیما خان اور اس کے ساتھیوں نے کووڈ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھایا اور ایک گینگ بنا لیا۔ قانون کی آڑ میں شادیاں کم لوگوں کی موجودگی میں ہوئیں اور گواہوں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔

ایسے لوگ گینگ کے نشانے پر رہتے تھے، جنہیں لڑکی نہیں مل رہی تھی۔ دنیش پانڈے، سیہور میں تیجولال، ودیشا میں ویریندر دھکاڈ، نشاط پورہ میں سلمان خان، اجین میں وکرم، منڈی دیپ کی پوجا عرف ریا، سیما پاٹیدار اور تلیا کی رانی عرف ستلانا کو بھی پولس نے گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ریا عرف پوجا عرف سیما خان خود 15 شادیاں کر چکی ہے۔ اس کے خلاف سسرال کے گھر سے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کے مقدمات درج ہیں۔ یہ گینگ 25 سے زائد وارداتیں کر چکا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ صرف 12 مقدمات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

باقی، ڈر سے پولیس کے پاس بھی نہیں گئے۔ پولیس جس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی وہ کانتا پرساد کی شکایت تھی۔ دو سال پہلے کانتا پرساد ناتھ لڑکی کی تلاش میں بھوپال آیا تھا۔

یہاں اس کی ملاقات دنیش پانڈے سے ہوئی اور اس نے ہی پوجا عرف ریا سے تعارف کرایا جس کا اصل نام سیما خان تھا۔ دنیش نے شادی کرنے کے لیے اس سے 85 ہزار روپے بھی لیے تھے۔ شادی میں کچھ لوگ بھی موجود تھے۔ شادی سیہور میں ہوئی اور وہ سیما کو کالاپیپل منڈی لے گیا۔

آٹھ دن بعد سیما اپنی بھابھی کے آپریشن کا بہانہ بنا کر غائب ہو گئی۔ واپس آنے کے بعد اس نے کانتا پرساد سے بات کرنا چھوڑ دی۔ بعد میں پتہ چلا کہ وہ دو لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی لے گئی تھی۔