مدھیہ پردیش : سرپنچ الیکشن میں ’پاکستان زندہ باد کا نعرہ‘، پولیس متحرک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مدھیہ پردیش : سرپنچ الیکشن میں ’پاکستان زندہ باد کا نعرہ‘، پولیس متحرک
مدھیہ پردیش : سرپنچ الیکشن میں ’پاکستان زندہ باد کا نعرہ‘، پولیس متحرک

 

 

کٹنی: مدھیہ پردیش کے کٹنی میں سرپنچ کی جیت پر حامیوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کا الزام ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ حالانکہ ویڈیو کی تصدیق ابھی باقی ہے۔اس معاملے میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔ وہیں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

فاتح سرپنچ کے شوہر نے کہا ہے کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے نہیں لگائے گئے۔

مدھیہ پردیش کے کٹنی میں چاکا گرام پنچایت میں انتخابات ہوئے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ووٹوں کی گنتی میں امیدوار رئیسہ واجد خان کو فاتح قرار دیا گیا۔

الزام ہے کہ اس کے بعد ان کے حامیوں نے جشن منانا شروع کر دیا اور نعرے بازی شروع کر دی۔ نعرے بازی کے دوران ہی الزام لگایا جا رہا ہے کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وہیں، سی ایس پی وجے پرتاپ سنگھ نے اس پورے واقعہ پر بتایا، "ہمیں شکایت ملی ہے کہ سرپنچ الیکشن میں مبینہ طور پر ایک گروپ کی طرف سے 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگائے گئے تھے اور ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ڈال دیا گیا تھا۔ ہم نے شکایت کا نوٹس لیا ہے۔ تفتیش جاری ہے۔"

دوسری جانب سرپنچ امیدوار رئیسہ واجد خان کے شوہر نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میری بیوی بی جے پی کی رکن ہے اور سرپنچ بن چکی ہے، جبکہ میں ضلع کا ممبر بھی رہ چکا ہوں۔ ہم ہندو اکثریتی علاقے میں رہتے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مخالفین پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ان کی جیت سے ناراض ہو کر مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی سچائی کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ویڈیو کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔

مدھیہ پردیش میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ الیکشن میں بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی الیکشن جیتنے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا رہی ہیں۔