مدھیہ پردیش: امام باڑہ پی ڈبلیو ڈی کے حوالے، مسلمان پہنچے سپریم کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
مدھیہ پردیش: امام باڑہ پی ڈبلیو ڈی کے حوالے، مسلمان پہنچے سپریم کورٹ
مدھیہ پردیش: امام باڑہ پی ڈبلیو ڈی کے حوالے، مسلمان پہنچے سپریم کورٹ

 



دھار: مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں واقع متنازعہ امام باڑہ کو عدالت کے حکم کی تعمیل میں ضلع انتظامیہ نے ریاستی محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی۔ ادھر، مسلمانوں کی تنظیم تازیہ کمیٹی نے اس اقدام کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر دی ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) منوج سنگھ نے پی ٹی آئی-بھاشا کو بتایا: 1100 مربع فٹ سے زائد رقبے پر مشتمل یہ جائیداد بدھ کے روز محکمہ تعمیرات عامہ کے حوالے کر دی گئی اور اس کے گرد سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امام باڑہ کی نگرانی کے لیے خصوصی مسلح فورس، ریاستی پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس اور ڈرون کیمرے تعینات کیے گئے ہیں۔

ایس پی نے کہا، چونکہ جمعرات کے روز مسلمان خواتین امام باڑے میں نماز ادا کرنے کے لیے آتی ہیں، اس لیے آج کے دن حساس علاقے میں پولیس نے سخت نگرانی برقرار رکھی۔ یہ امام باڑہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلمانوں کی تازیہ کمیٹی کے زیر انتظام تھا۔ منوج سنگھ کے مطابق، 1973 کے آس پاس یہ جائیداد تازیہ کمیٹی کو صرف محرم کے موقع پر چند دنوں کے لیے علامتی قبر (تعزیہ) تیار کرنے کی اجازت کے تحت دی گئی تھی۔

گزشتہ کچھ برسوں سے ہندو تنظیم سنسکرتک دھروہر رکشا منچ اس امام باڑے کو سرکاری جائیداد قرار دے کر اسے خالی کرانے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ امام باڑہ صرف محدود دنوں کے لیے دیا گیا تھا، لیکن تازیہ کمیٹی اب اس پر مستقل قبضے کا دعویٰ کر رہی ہے۔ اسی تناظر میں معاملہ عدالت میں گیا، جس پر مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت دی۔

ایس پی کے مطابق:ایک عرضی دائر کی گئی تھی، اور ہائی کورٹ کی ہدایت کے تحت ایک سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی عدالت نے امام باڑے کو محکمہ تعمیرات عامہ کی ملکیت قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے خلاف تازیہ کمیٹی نے ڈویژنل کمشنر کے سامنے اپیل کی، جو مسترد کر دی گئی۔ تمام فریقوں سے مشاورت اور تہواروں کے بعد، جائیداد کو پی ڈبلیو ڈی کے حوالے کر دیا گیا۔ دھار کے مسلم رہنما عبدالصمد کے مطابق، اس جائیداد کی حوالگی کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔