نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اندور میں آلودہ پانی پینے سے کئی افراد کی موت کے معاملے پر جمعہ کو الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے زیرِ اقتدار مدھیہ پردیش بدانتظامی کا مرکز بن چکا ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی غریبوں کی موت پر ہمیشہ کی طرح خاموش ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حقِ زندگی کی ’’ہتیا‘‘ کے لیے بی جے پی کا ’’ڈبل انجن‘‘ ذمہ دار ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، اندور میں پانی نہیں، زہر تقسیم کیا گیا اور انتظامیہ کمبھ کرن کی نیند سوتی رہی۔ گھر گھر ماتم ہے، غریب بے بس ہیں اور اوپر سے بی جے پی رہنماؤں کے متکبرانہ بیانات۔ جن گھروں کے چولہے بجھ گئے، انہیں تسلی چاہیے تھی؛ حکومت نے غرور پیش کر دیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب لوگوں نے بار بار گندے اور بدبودار پانی کی شکایت کی تو پھر ان کی سنوائی کیوں نہیں ہوئی؟ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا، سیور کا پانی پینے کے پانی میں کیسے ملا؟ وقت رہتے سپلائی کیوں بند نہیں کی گئی؟ ذمہ دار افسران اور رہنماؤں کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟
انہوں نے کہا، یہ کوئی ’مفت‘ سوال نہیں، یہ جواب دہی کا مطالبہ ہے۔ صاف پانی کوئی احسان نہیں بلکہ زندگی کا حق ہے۔ اور اس حق کی ہتیا کے لیے بی جے پی کا ڈبل انجن، اس کی لاپرواہ انتظامیہ اور غیر حساس قیادت پوری طرح ذمہ دار ہے۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا، مدھیہ پردیش اب بدانتظامی کا مرکز بن چکا ہے کہیں کھانسی کے شربت سے اموات، کہیں سرکاری اسپتال میں بچوں کی جان لینے والے چوہے، اور اب سیور ملا پانی پینے سے اموات۔ اور جب جب غریب مرتے ہیں، مودی جی ہمیشہ کی طرح خاموش رہتے ہیں۔
اندور کے میئر پشیمتر بھارگو نے جمعہ کو کہا کہ انہیں شہر کے بھاگیرتھ پورہ علاقے میں آلودہ پانی پینے سے پھیلی الٹی اور دست کی وبا کے باعث 10 افراد کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ تاہم، مقامی شہریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وبا کے نتیجے میں چھ ماہ کے ایک بچے سمیت 14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس دعوے کی صحت محکمہ نے ابھی تصدیق نہیں کی ہے۔