یوپی کے مدارس میں تعلیمی سلسلہ شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-09-2021
یوپی کے مدارس میں تعلیمی سلسلہ شروع
یوپی کے مدارس میں تعلیمی سلسلہ شروع

 


فیروز خان، دیوبند، لکھنو/ عبدالحئی خان- دہلی

حکومت وانتظامیہ کی ہدایت کے مطابق دیوبند کے تمام چھوٹے بڑے دینی و عصری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

چوں کہ ابھی تیسری لہر کے خدشات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے اس لیے نہایت محتاط انداز سے تعلیم کا آغاز کیا گیاہے۔

اسی کڑی میں تقریباً ڈیڑھ برس کے طویل وقفہ کے بعد دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند اور دارالعلوم ذکریا دیوبندنے بھی اپنے طلبہ کے لئے ادارے کے دروازے کھول دیئے ہیں۔

جہاں آج یکم ستمبر سے بالکل الگ طرح کے ماحول میں با ضابطہ طور پر درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

حسب اعلان رواں سال جدید طلبہ کو داخلہ نہیں دیا گیا ہے جبکہ ادارہ کے جملہ قدیم طلبہ(اول تا دورہ حدیث شریف) کی جدید داخلہ فارم کی تکمیل کی کارروائی31 اگست2021 تک مکمل کرلی گئی ہے۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے بتایاکہ تمام قدیم طلبہ کے داخلہ کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے اور حکومت و محکمہ صحت کی گائیڈ لائن کے مطابق ادارہ میں آج سے تعلیم کا آغا ز ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طلبہ کی درسگاہوں اور ہوسٹل میں پوری طرح کووڈ گائیڈلائن پرعمل کرایا جارہاہے اور نہایت محتاط انداز میں ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کے ساتھ تعلیم کا آغاز کیا جارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ ادارہ طلبہ کی صحت کے تئیں نہایت سنجیدہ ہے اس لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں اور ہوسٹل پر گائڈ لائن کے عمل کو ضروری قرار دیتے ہوئے اس کے لئے با ضابطہ طور پر ایک نگراں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے بتایا کہ ادارہ میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین و سرپرستان سے تحریری طور پر اجازت لے لی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ آئند بھی جو گائیڈ لائن آئے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔

واضح ہو کہ مارچ 2020 میں کورونا وباء پھیلنے کے بعد سے ملک کے جملہ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند، جامعتہ الشیخ حسین احمد المدنی خانقاہ دیوبند اور دارالعلوم ذکریا دیوبند نے بھی تمام طلبہ کی چھٹی کر دی تھی اور تقریبا ڈیڑھ سال کے طویل وقفہ کے بعد آج ایک مرتبہ پھر ان اداروں سمیت دیگر چھوٹے بڑے مدارس میں تعلیم کا آغاز ہو گیا۔

awazurdu

مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے بطور شیخ الحدیث ادارہ میں پہلا درس دیا،غور طلب ہے کہ شیخ الحدیث مفتی سعید احمد پالنپوری کے انتقال کے بعد گزشتہ شوری میں مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی کو اہتمام کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شیخ الحدیث بھی منتخب کیا گیا تھا۔

حالانکہ اس مرتبہ حالات اور ماحول پوری طرح تبدیل ہے باوجود اس کے دارالعلوم کے اطراف کی جو سڑکیں قریب ڈیڑھ سال سے سنسان تھی وہ بھی ایک مرتبہ پھروہ طلبا سےمنور نظر آنے لگی ہیں۔

حضرت گنج لکھنؤ میں قائم جامعت المو منات الاسلامیہ کے ذمہ دارنجیب الحسن نے بتایا کہ یو پی سرکار کی گائڈ لائن کے مطابق آج مدرسہ کھو لا گیا ابھی شروع میں لڑکیوں کی تعداد کم ہے۔امید ہے اس میں دھیرے دھیرے اضافہ ہو گا۔

انہوں نے بتا کہ والدین بھی چاہتے ہیں کہ ان کی بچیاں با قاعدہ مدرسہ میں پڑھنے جائیں۔

اسی طرح لکھنؤ کے بڑے مدرسہ دارالعلوم ند وت العلماء میں بھی چھوٹے کلا سوں میں تعلیم کا سسلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

کلا سوں میں ان کی چہل پہل دیکھی گئ۔ رابطہ افسر نے بتا یا کہ تعلیم کا سلسلہ پوری ذمہ داری کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔